Tuesday, January 18, 2022
براہراست ٹی وی براہراست نشریات(UK) آج کا اخبار English News
English News آج کا اخبار
براہراست ٹی وی براہراست نشریات(UK)

اسلام آباد یونائیٹڈ نے ملتان سلطان کو شکست دیدی

اسلام آباد یونائیٹڈ نے ملتان سلطان کو شکست دیدی
February 25, 2018

دبئی ( 92 نیوز ) پی ایس ایل تھری کے اہم میچ میں اسلام آباد یونائیٹڈ نے ملتان سلطانز کو 5 وکٹوں سے شکست دے دی  ۔  ملتان سلطان نے اسلام آباد یونائیٹڈ کو 114رنز کا ہدف دیا تھا جو کہ اسلام آباد یونائیٹڈ نے 5 وکٹوں کے نقصان پر پورا کر لیا ۔

اسلام آباد یونائیٹڈ نے ٹاس جیت کر ملتان سلطانز کیخلاف فیلڈنگ کا فیصلہ کیا اور پوری ٹیم کو 19.5 اوورز میں 113 رنز پر ڈھیر کردیا ۔

ملتان سلطانز کی جانب سے میچ کا اچھا آغاز نہ کیا جا سکا ۔ اوپنر کمار سنگاکارا اور احمد شہزاد اچھا کھیل نہ پیش کر سکے اور  جلد ہی پویلین لوٹ گئے ۔

کمار سنگا کارا نے 5 گیندوں پر 6 اسکور بنائے اور رومان رئیس کی گیند پر آصف علی کے ہاتھوں کیچ آؤٹ ہو گئے جب کہ احمد شہزاد 24 گیندوں پر 11 اسکور بنا کر چلتے بنے ۔ڈیرن براوؤ 5 گیندوں پر 6 ، صہیب مقصود 4 گیندوں پر ایک رنز بنا کر واپس لوٹ گئے ۔

مشکلات میں گھری اسلام آباد یونائیٹڈ کو شعیب ملک نے 2 چھکوں کی مدد سے 35 رنز کی مدد فراہم کی ، شعیب ملک اپنی اسلام آباد یونائیٹڈ کے ٹاپ اسکورر رہے ۔ جبکہ پولارڈ  نے 19 گیندوں پر 28 رنز بنائے ۔اسلام آباد یونائیٹڈ کے 8 کھلاڑی ڈبل فگر میں داخل بھی نہ ہو سکے اور پوری ٹیم 19.5 اوورز میں 113 رنز بنا کر آؤٹ ہو گئی ۔

جواب میں اسلام آباد یونائیٹڈ کے بلے بازوں نے ہدف 17.4 اوورز میں پورا کر لیا ۔ اسلام آباد یونائیٹڈ بھی میچ کا آغاز اچھا نہ کر سکی اور اوپنر لیک رونچی بغیر کوئی اسکور کئے محمد عرفان کی گیند پر پولارڈ کے ہاتھوں کیچ آؤٹ ہو گئے ، جبکہ ساتھی اوپنر صاحبزادہ فرحان بھی 7 گیندوں پر 9 اسکور بنا کر عمران طاہر کی گیند پر چلتے بنے ۔

اسلام آباد یونائیٹڈ کی ڈولتی ناؤ کو چیڈوک والٹن نے 28 رنز کا سہارا دیا جب کہ حسن طلعت 48 رنز بنا کر ٹاپ اسکورر اور ناقابل شکست رہے ۔

ملتان سلطانز کی جانب سے عمران طاہر 4 اوورز میں 3 وکٹوں کے عوض 19 رنز دیکر کامیاب ترین باؤلر ٹھہرے جب کہ سہیل تنویر 3 اوورز میں بغیر کوئی وکٹ حاصل کئے 28 رنز دے کر مہنگے ترین باؤلر ثابت ہوئے ۔

دراز قد محمد عرفان نے 4 اوورز میں بغیر وکٹ حاصل کئے 24 رنز ، شعیب ملک نے بغیر وکٹ حاصل کئے 3 اوورز  میں 22 رنز اور جنید خان نے 3.4 اوورز میں ایک وکٹ کے عوض 20 رنز دیئے ۔