Saturday, October 1, 2022

اسلام آباد ،6 ملکی اسپیکرز کانفرنس، دہشتگردی کیخلاف ملکر لڑنے پر اتفاق

اسلام آباد ،6 ملکی اسپیکرز کانفرنس، دہشتگردی کیخلاف ملکر لڑنے پر اتفاق

اسلام آباد ( 92 نیوز ) اسلام آباد میں 6 ملکی اسپیکرز کانفرنس میں دہشتگردی کےخلاف مل کر لڑنے پر اتفاق کیا گیا ہے ۔ صدرممنون نے کہا کہ ہمسایہ ممالک پاک فوج کے تجربے سے فائدہ اٹھائیں ۔ چیئرمین سینیٹ نے کہا کہ امریکہ، اسرائیل اور بھارت کا نیا گٹھ جوڑ بن گیا ہے۔ اسپیکر ایاز صادق نے آپس کے اختلافات مٹانے پر زور دیا۔


دہشتگردی اور بین العلاقائی رابطوں کے عنوان سے اسلام آباد میں 6 ملکی سپیکرز کانفرنس ہوئی ۔ کانفرنس میں پاکستان کے علاوہ چین ، افغانستان ، ایران ، ترکی اور روس کے سپیکرز نے شرکت کی۔
صدر ممنون حسین نے اپنے خطاب میں تمام ممالک کو سی پیک میں شمولیت کی دعوت دیتے ہوئے کہا کہ دہشتگردی نے خطے کے ممالک کےلئے مسائل پیدا کئے ۔ پاکستان کے اقدامات سے دہشتگردوں کی کمر ٹوٹ چکی ہے۔


چیئرمین سینٹ میا ں رضا بانی کاکہنا تھا کہ بیت المقدس معاملے پر جنرل اسمبلی میں امریکہ کو جواب مل گیا ہے ۔پاکستان اپنی سلامتی پر سمجھوتہ نہیں کریگا ۔ امریکہ افغانستان میں شکست کی ذمہ داری پاکستان پر ڈال رہا ہے۔
سپیکر ایاز صادق نے دہشتگردی کےخلاف پاکستان کی قربانیوں کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان نے سب سے زیادہ نقصان اٹھایا ۔ منشیات کی تجارت پوری دنیا کےلئے خطرہ ہے ۔ گزشتہ 10سال میں دہشت گردوں سے دنیا کا کوئی خطہ محفوظ نہیں۔
کانفرنس سے خطاب میں ایرانی سپیکر علی لاریجانی کا کہنا تھا کہ خطے میں امریکی مہم جوئی روکنا ہوگی ۔
روسی سپیکرنے کہا کہ دہشت گردی کے خلاف بین الپارلیمانی تعاون کی ضرورت ہے ۔
چین کی نیشنل پیپلز کانگریس کے وائس چیئرمین کا کہنا تھا کہ چین تنازعات کو مذاکرات سے حل کرنے پر یقین رکھتا ہے۔