Wednesday, October 5, 2022

اسلام آباد ہائیکورٹ کا زلفی بخاری کو ریلیف سے متعلق جواب جمع کرانے کا حکم

اسلام آباد ہائیکورٹ کا زلفی بخاری کو ریلیف سے متعلق جواب جمع کرانے کا حکم
اسلام آباد (92 نیوز) زلفی بخاری کا نام بلیک لسٹ میں ڈالے جانے کیخلاف درخواست پر سماعت میں عدالت نے زلفی بخاری کو اپنی درخواست میں مانگے گئے ریلیف سے متعلق واضح جواب جمع کرانے کا حکم دے دیا۔ اسلام آباد ہائیکورٹ  میں زلفی بخاری کا نام بلیک لسٹ میں ڈالے جانے کیخلاف درخواست پر سماعت جسٹس عامر فاروق نے کی۔ زلفی بخاری کے وکیل نے مؤقف اپنایا کہ ہم صرف سفری پابندی کیخلاف ریلیف چاہتے ہیں۔ نیب کے کال اپ نوٹس کیخلاف کی گئی گزارشات پر کارروائی آگے نہیں بڑھانا چاہتے۔ جسٹس عامر فاروق کی جانب سے ریمارکس دیئے گئے کہ  نیب کی طرف سے ای سی ایل پر نام ڈالنے کی سفارش کو بھی آپ نے چیلنج کیا ہوا ہے۔ آپ کو وقت دے رہے ہیں، کل تفصیلی جواب جمع کرادیں ۔ ڈپٹی پراسیکیوٹر جنرل نیب  نے مؤقف اپنایا کہ اگر ان کی نیب سے متعلق گزارشات برقرار رہتی ہیں تو کیس ڈویژن بینچ کو بھیجنا ہو گا۔ عدالت کی جانب سے زلفی بخاری کے وکیل کو حکم دیا گیا کہ کل تک بتائیں کہ درخواست میں کی گئی گزارشات میں سے کس پر کارروائی آگے بڑھانا چاہتےہیں۔ اس کے بعد کیس کی سماعت کل تک ملتوی کر دی گئی۔