Saturday, October 1, 2022

اسلام آباد ،کراچی کے بعد لاہور سے بھی فضائی آپریشن بحال

اسلام آباد ،کراچی کے بعد لاہور سے بھی فضائی آپریشن بحال
 لاہور (92 نیوز) اسلام آباد ،کراچی کے بعد لاہور سے بھی فضائی آپریشن بحال کر دیا گیا۔ علامہ اقبال انٹرنیشنل ایئرپورٹ کو آپریشنل کر دیا گیا۔ لاہور ایئرپورٹ پر چار روز بند رہنے والا فلائٹ آپریشن بحال کر دیا گیا۔ علامہ اقبال انٹرنیشنل ایئرپورٹ پر فلائٹ آپریشن صبح چھ بجےشروع کیا گیا۔ رن وے اسٹاف نے تفصیلی سروے کے بعد ٹاور کو گرین سگنل دے دیا۔ سول ایوی ایشن اتھارٹی کی جانب سے اپرن اور آمد لاؤنج کی صفائی کا عمل بھی شروع کر دیا گیا جبکہ اے این ایف کا عملہ بھی ایئرپورٹ پہنچ گیا۔ ترجمان پی آئی اے کے مطابق کراچی سے پہلی پرواز پی کے 304 شام چار بجکر پینتالیس منٹ پر لاہور آئے گی۔ کراچی اور لاہور کے درمیان پروازیں پی کے 306 اور پی کے 307 بھی اپنے شیڈول کے مطابق آپریٹ کی جائیں گی۔ ذرائع کے مطابق جدہ سے آنے والی پرواز پی کے سات سو ساٹھ سے تین سو عمرہ زائرین اسلام آباد پہنچیں گے۔ دوسری جانب طیاروں کی کمی، فنی خرابی اور بروقت آگاہی نہ ملنے سے پندرہ پروازیں منسوخ ہو گئیں۔ پاک بھارت کشیدگی کے باعث سول ایوی ایشن اتھارٹی کی جانب سے فلائٹ آپریشن بند کیا گیا تھا جس سے لاہور ائیرپورٹ پر سات سو سے زائد ملکی و غیر ملکی پروازیں متاثر ہوئیں۔