Thursday, February 9, 2023

اسلام آباد کا سیکٹر جی نائن ٹو، جی نائن تھری اور کراچی کمپنی مکمل طور پر سیل

اسلام آباد کا سیکٹر جی نائن ٹو، جی نائن تھری اور کراچی کمپنی مکمل طور پر سیل

اسلام آباد ( 92 نیوز) اسلام آباد میں کورونا کے تابڑ توڑ حملے جاری ہیں ،  نئے 288 کیسز کے ساتھ وفاقی دارالحکومت میں کورونا متاثرین کی تعداد 8 ہزار 857 تک پہنچ گئی۔ جی نائن ٹو جی نائن تھری اور کراچی کمپنی مکمل طور پر سیل  کر دی گئی ، اسلام آباد میں کورونا ہاٹ اسپاٹس کی نشاندہی بھی مکمل ہو گئی ، سیکٹر آئی 8 اور آئی 10 کو آئندہ 24 گھنٹوں میں سیل کرنے کا پلان ہے ۔

شہر اقتدارمیں کورونا وائرس کے کیسز بڑھنے لگے ،  گزشتہ چوبیس گھنٹوں میں 288 نئے کیسز سامنے آگئے ۔ مریضوں کی تعداد زیادہ ہونے پر سیکٹر جی نائن ٹو، جی نائن تھری ‏اورکراچی کمپنی مارکیٹ میں چار روز سے مکمل لاک ڈاؤن جاری ہے ۔  

‏متاثرہ علاقوں کے داخلی وخارجی راستے مکمل طور پر بند ہیں ، پولیس اوررینجرز ‏سمیت سیکیورٹی اہلکارتعینات ہیں۔ ضلعی انتظامیہ کا کہنا ہے کہ شہریوں کوسہولیات ‏فراہم کی جارہی ہیں اور ‏ضروری اشیا کی خریداری کےلیے اسٹورزمخصوص وقت میں کھلے رہتے ہیں۔

وفاقی دارالحکومت میں کورونا ہاٹ اسپاٹس کی نشاہدہی بھی مکمل ہو گئی ، غوری ٹاون، سیکٹر جی 6 اور جی 7 ہاٹ سپاٹس قرار، ڈی سی اسلام آباد حمزہ شفقات نے ٹوئٹ میں کہا کہ آئی 8 سیکٹر میں ایک دن میں 200 کیسز نکلے جبکہ سیکٹرآئی 10 میں 400 کیسز ہوچکے ہیں۔

دونوں سیکٹرز کو سیل کرنے کا پلان بنارہے ہیں، ایک اور ٹوئٹ میں ڈی سی نے کہا کہ آبادی کے تناسب سے پاکستان میں سب سے زیادہ کورونا ٹیسٹ اسلام آباد میں کیے جا رہے ہیں جبکہ شرح اموات ایک فیصد سے بھی کم ہے۔