Saturday, July 27, 2024

اسلام آباد ، ن لیگ کےتین منحرف ارکان کے استعفے اسپیکر آفس کو موصول

اسلام آباد ، ن لیگ کےتین منحرف ارکان کے استعفے اسپیکر آفس کو موصول
April 16, 2018
اسلام آباد ( 92 نیوز ) پاکستان مسلم لیگ ن کے تین منحرف ارکان کے استعفے اسپیکر آفس کو موصول ہو گئے ۔ذرائع  کے مطابق  خسرو بختیار،باسط بخاری اور طاہر بشیر چیمہ کے استعفے اسپیکر آفس کو موصول ہوئے ہیں۔اسپیکر نے  استعفوں کی تصدیق کیلئے تینوں ارکان  کو آج طلب کیا تھا ۔ ن لیگ کے منحرف ارکان نے پہلے پریس کانفرنس میں  استعفوں کا اعلان   کیا ۔ اب ان کے استعفے اسپیکر آفس کو موصول ہو گئے  ہیں تاہم استعفوں کی تصدیق کے لئے خود اسپیکر آفس نہ پہنچ سکے ۔ قومی اسمبلی کی رکنیت سے استعفے دینے والوں میں مخدوم خسرو بختیار،مخدوم زادہ باسط بخاری اور طاہر بشیر چیمہ شامل ہیں ۔ اسپیکر قومی اسمبلی نے تینوں ارکان پارلیمنٹ کو آج تصدیق کے لے بلا رکھا تھا  مگر تینوں ہی  نہ پہنچ سکے ۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ تینوں مستعفی ارکان نے موقف اپنایا ہے کہ وہ مصروفیت کی وجہ سے اسپیکر آفس نہیں پہنچ سکے اُنہیں کوئی اور وقت دیا جائے ۔ قومی اسمبلی سے مستعفی ہونے والے ارکان کو قومی اسمبلی کے قاعدہ 43 کے مطابق اسپیکر کے پاس آ کر یا بذریعہ فون اپنے استعفیٰ کی تصدیق کرنا ہوتی ہے ۔ واضح رہے کہ جنوبی پنجاب سے تعلق رکھنے والے متعدد ارکان اسمبلی نے  چند روز قبل   اسمبلی رکنیت سے مستعفی ہونے کا اعلان کیا تھا۔