اسلام آباد میں لڑکی اور لڑکے پر تشدد کرنے والے ملزموں کا دو روزہ جسمانی ریمانڈ منظور
اسلام آباد (92 نیوز) اسلام آباد میں لڑکی اور لڑکے پر تشدد کرنے والے تین ملزموں کا دو روزہ جسمانی ریمانڈ منظور ہو گیاْ۔
شہراقتدار میں شرمناک واقعہ پیش آیا۔ پوش سیکٹر ای الیون ٹو کے اپارٹمنٹ میں غنڈہ گردی کی گئی۔ لڑکے اور لڑکی پر برہنہ کرکے تشدد کیا گیا۔ پانچ سے 6 افراد اپارٹمنٹ میں گھسے ، لڑکے اور لڑکی پر تشدد کرتے اور ویڈیوز بھی بناتے رہے۔ ویڈیوز وائرل ہونے پر پولیس نے فوری ایکشن لیتے ہوئے سب انسپکٹر کی مدعیت میں چار ملزمان کے خلاف مقدمہ درج کرکے عثمان مرزا سمیت 3 ملزمان کو گرفتار کر لیا۔
ایف آئی آر کے متن کے مطابق واقعہ ای الیون ٹو میں واقع اپارٹمنٹس میں پیش آیا جہاں 5 سے 6 مسلح افراد نے دونوں کو حبس بیجا میں رکھا اور تشدد کا نشانہ بھی بنایا۔ پولیس کا کہنا ہے کہ ویڈیو چار سے پانچ ماہ قبل بنائی گئی تھی۔
دوسری جانب ڈی سی اسلام آباد حمزہ شفقات کا کہنا ہے کہ ویڈیو چند ماہ پہلے کی ہے۔ سب سے درخواست ہے کہ ویڈیو ڈیلیٹ کر دیں اور شیئر نہ کریں۔