Sunday, September 15, 2024

اسلام آباد میں لڑکا اور لڑکی پر تشدد کیس ، ملزم عثمان مرزا، عطاالرحمٰن ، فرحان کا 4 روزہ جسمانی ریمانڈ منظور

اسلام آباد میں لڑکا اور لڑکی پر تشدد کیس ، ملزم عثمان مرزا، عطاالرحمٰن ، فرحان کا 4 روزہ جسمانی ریمانڈ منظور
July 9, 2021

اسلام آباد (92 نیوز) اسلام آباد میں لڑکا اور لڑکی پر تشدد کیس میں گرفتار ملزموں عثمان مرزا، عطاالرحمٰن ، فرحان کا 4 روزہ جسمانی ریمانڈ منظور ہو گیا۔

ملزمان کو سخت سکیورٹی میں ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن کورٹ میں پیش کیا گیا۔ ملزم فرحان کی جانب سے وکیل ملک اخلاق، عثمان کی جانب سے وکیل میاں ظفر اقبال اور حافظ عطاء الرحمن کی وکالت سفیان اکرم چیمہ ایڈووکیٹ نے کی۔ دوسری جانب سرکاری وکیل جاوید عطاء اور پولیس تفتیشی شفقت عدالت میں پیش ہوئے۔

ملزمان کے وکلاء نے مطالبہ کیا کہ سوشل میڈیا ویڈیو کے بجائے پولیس ریکارڈ کے مطابق کیس چلایا جائے۔ ملزمان فرحان اور حافظ عطاء الرحمن کے وکلا نے مؤقف اختیار کیا کہ ان کے مؤکلان کے خلاف کوئی ثبوت نہیں۔ وہ ویڈیو میں دکھائی دے رہے ہیں لیکن شریک جرم نہیں ہیں۔ مرکزی ملزم عثمان مرزا کے وکیل کا کہنا تھا کہ ویڈیو وائرل کرنے کے پیچھے ایک لابی ہے۔ لین دین کی وجہ سے تیسرے فریق نے مقدمہ درج کرایا۔ ملزمان کے وکلا نے اعتراض اٹھایا کہ کمرے کے اندر واردات ہوئی اس لیے عزت اچھالنے کی دفعات نہیں بنتی۔ ملزمان کے مزید ریمانڈ کی بھی مخالفت کی۔

سرکاری وکیل نے مؤقف اختیار کیا کہ زیادہ سے زیادہ ریمانڈ دیا جائے تاکہ موبائل اور دیگر ویڈیوز بھی برآمد ہو سکیں۔ متاثرہ لڑکے اور لڑکی کا بیان ابھی قلمبند کرنا ہے۔ جوڈیشل مجسٹریٹ وقار گوندل نے پولیس کو ویڈیو اپلوڈ کرنے والے کا سراغ لگانے اور واردات کے وقت ملزمان کی لوکیشن معلوم کرنے کی ہدایت کی اور تینوں کو ملزمان کو مزید چار روزہ ریمانڈ پر پولیس کے حوالے کر دیا۔