Saturday, July 27, 2024

اسلام آباد میں جامعہ حفصہ کے اردگرد سکیورٹی اہلکار تعینات

اسلام آباد میں جامعہ حفصہ کے اردگرد سکیورٹی اہلکار تعینات
January 31, 2016
اسلام آباد (92نیوز) وفاقی دارالحکومت کی انتظامیہ نے جامعہ حفصہ کے اردگرد پولیس اور رینجرز کے اہلکاروں کو تعینات کر دیا۔ تفصیلات کے مطابق جامعہ حفصہ کی طرف جانے والی گلیوں کو کنکریٹ کے بلاک لگا کر آمدورفت محدود کر دی گئی ہے۔ انتظامیہ کا کہنا ہے کہ یہ اقدام وفاقی دارالحکومت کی انتظامیہ کے اعلیٰ حکام کے حکم پر اٹھایا‘ جامعہ حفصہ کا محاصرہ کیا نہ ہی کسی شخص کو حراست میں لیا ہے۔ سیکٹر جی سیون تھری اور ٹو میں پولیس اور رینجرز کا عارضی ناکہ لگایا ہے جس پر پولیس اور رینجرز اہلکار ڈیوٹی دیں گے۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ عارضی ناکے کا مقصد علاقے میں آنے جانے والے افراد کی نقل و حرکت پر نظر رکھنا اور ان افراد سے متعلق معلومات اکٹھا کرنا ہے۔ یاد رہے کہ لال مسجد کے سابق خطیب مولانا عبداللہ کی بیوی ام حسان جامعہ حفصہ کی منتظم ہیں۔ اس علاقے کے زیادہ تر مکین سرکاری ملازم ہیں۔ خفیہ اداروں کی طرف سے وزارت داخلہ کو بھیجی جانے والی رپورٹس میں کہا گیا ہے کہ مولانا عبدالعزیز کے پیروکار انھیں پاکستان میں داعش کا نمائندہ سمجھتے ہیں۔ دوسری جانب پارلیمنٹ میں اپوزیشن جماعت پاکستان پیپلز پارٹی وفاقی وزیر داخلہ چودھری نثار کو تنقید کا نشانہ بنا رہی ہے کہ لال مسجد کے سابق خطیب کے خلاف مقدمات درج ہونے کے باوجود ان کے خلاف کارروائی نہیں کی جا رہی۔