Saturday, July 27, 2024

طیبہ تشددکیس: جج اور اہلیہ کمسن ملازمہ پر تشدد کے ذمہ دار قرار

طیبہ تشددکیس: جج اور اہلیہ کمسن ملازمہ پر تشدد کے ذمہ دار قرار
February 2, 2017

اسلام آباد (92نیوز) طیبہ تشدد کیس میں اہم پیش رفت، حتمی چالان عدالت میں جمع کرا دیا گیا۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ چالان میں سابق جج راجہ خرم اور اہلیہ ماہین ظفر کو ملزم قرار دیدیا گیا ہے۔ ذرائع کے مطابق چالان میں ماہین ظفر کو براہ راست طیبہ پر تشدد کا ذمہ دار قرار دیا گیا ہے جبکہ راجہ خرم کو طیبہ کے علاج معالجے میں غفلت پر قصوروار ٹھہرایا گیا ہے۔ چالان میں راجہ خرم کے چار پڑوسیوں کے بیانات بھی شامل کیے گئے ہیں۔

طیبہ پر تشدد کی میڈیکل رپورٹ بھی چالان کا حصہ ہے۔ گزشتہ روز ملزم راجہ خرم علی خان اور ان کی اہلیہ ماہین ظفر ایڈیشنل سیشن جج راجہ آصف کی عدالت میں پیش ہوئے تھے۔ عدالت نے استفسار کیا کہ طیبہ کو عدالت میں کیوں پیش نہیں کیا گیا۔

ملزم کے وکیل کاکہنا تھا کہ طیبہ ابھی ریاست کی تحویل میں ہے۔ سپریم کورٹ نے بچی کو والدین کے حوالے کرنیکا حکم نہیں دیا۔ عدالت نے ملزم راجہ خرم اور ملزمہ ماہین ظفر کی ضمانت میں دس فروری تک توسیع کرتے ہوئے طیبہ اور اس کے والدین کو آئندہ سماعت پر طلب کیا ہے۔