Thursday, September 19, 2024

اسلام آباد تشدد کیس ، عثمان مرزا اور دیگر ملزمان مزید 4 روزہ جسمانی ریمانڈ پر پولیس کے حوالے

اسلام آباد تشدد کیس ، عثمان مرزا اور دیگر ملزمان مزید 4 روزہ جسمانی ریمانڈ پر پولیس کے حوالے
July 13, 2021

اسلام آباد (92 نیوز) اسلام آباد تشدد کیس میں عثمان مرزا اور دیگر ملزمان کو مزید 4 روزہ جسمانی ریمانڈ پر پولیس کے حوالے کر دیا گیا۔

ای الیون میں لڑکی لڑکے کو برہنہ کرکے تشدد کرنے والے مرکزی ملزم عثمان مرزا اور دیگر کو جسمانی ریمانڈ مکمل ہونے پر مقامی عدالت میں پیش کیا گیا ۔ سرکاری وکیل نے بتایا کہ متاثرہ لڑکا لڑکی کے 164 کے بیانات ہو گئے ہیں۔ ملزمان نے گیارہ لاکھ پچیس ہزار روپے بھتہ لیا، 14 یا 15 ملزمان تھے، تین لوگوں نے الگ الگ اڑھائی گھنٹے کی ویڈیوز بنائی تھی۔ متاثرین کو برہنہ کر کے کھیلتے رہے۔ مقدمے میں بھتہ مانگنے، پیسے چھیننے اور زیادتی کی دفعات شامل کی گئی ہیں۔ پسٹل ریکور کرنے کا تھانہ آئی نائن میں الگ پرچہ درج ہو چکا ہے۔ مزید گرفتاریاں اور موبائل برآمد کرنے ہیں جس کے لیے مزید جسمانی ریمانڈ دیا جائے۔

متاثرہ لڑکے اسد اور لڑکی نے کیس کی باقاعدہ پیروی کا آغاز کر دیا۔ متاثرین کی جانب سے وکیل حسن جاوید شورش پیش ہوئے، کہا کہ لڑکا اور لڑکی  سکیورٹی ایشوز کی وجہ سے پیش نہیں ہو سکے، یہ مفاد عامہ کا کیس ہے۔ عوام میں ڈر ہے اس واقعے کے بعد کہیں ٹہریں گے تو کچھ بھی ہو سکتا ہے۔ متاثرین کے ساتھ ظلم ہوا ، یہ ہمارا امتحان ہے، مزید جسمانی ریمانڈ دیا جائے۔

عدالت نے فریقین کے وکلا کے دلائل سُننے کے بعد ملزمان کو 4 روز کے فزیکل ریمانڈ پر پولیس کے حوالے کر دیا۔

واضح رہے کہ جوڈیشل مجسٹریٹ وقار گوندل مقدمے میں دو شریک ملزمان کو شناخت پریڈ کے لیے جیل بھجوا چکے ہیں۔