Friday, September 13, 2024

اسلام آباد ، ایف آئی اے کو جدید خطوط پر استوار کرنے کا فیصلہ

اسلام آباد ، ایف آئی اے کو جدید خطوط پر استوار کرنے کا فیصلہ
June 13, 2018
اسلام آباد ( 92 نیوز) ڈی جی ایف آئی اے بشیر میمن کی کاوشیں رنگ لے آئیں، ایف آئی اے کو جدید خطوط پر استوار کیا جائے گا ، تشکیل نو پلان منظور کرلیا گیا۔ پہلے مرحلے میں منی لانڈرنگ،دہشت گردوں کو فنڈنگ کا خاتمہ، سائبرکرائم، انٹرپول اور انسانی اسمگلنگ،انوسٹی گیشن اور پراسیکوشن کے شعبوں کو جدید خطوط پر استوار کرنا شامل کیا گیا ہے ۔ پاک افغان اور ایرانی سرحد سمیت نظرانداز علاقوں میں ایف آئی اے کی سرویلینس بڑھائی جائے گی ، ری سٹرکچرنگ پلان تین مرحلوں پر مشتمل ہے ، وزارت داخلہ کے حکام کے مطابق ایف آئی اے میں تینوں مرحلوں کےدوران مجموعی طور 2ہزار سے زائد بھرتیاں کی جائیں گی جس کیلئے وزارت خزانہ 48کروڑ روپے سالانہ فنڈز میں اضافہ کرے گی۔ ایف آئی اے کی تشکیل نو کا جائزہ لینے کے بارے میں سابق  وزیراعظم شاہد خاقان عباسی سیکرٹری اسٹیبلشمنٹ ڈویژن کی سربراہی میں پانچ رکنی خصوصی کمیٹی قائم کی تھی۔ خصوصی کمیٹی نے ڈی جی ایف آئی  اے بشیر احمد میمن کے تیار کردہ ایف آئی اے کی تشکیل نو پلان تفصیلی جائزہ لینے کے بعد سفارشات پیش کیں ۔ ڈی جی ایف آئی اے بشیر میمن کی خصوصی کاوشوں کے نتیجے میں 40سال بعد ایف آئی اے کی بہتری اور جرائم کے خلاف موثر کاروائیوں کیلئے تشکیل نو ممکن ہوئی ہے۔