کاغذات نامزدگی جمع کرانے کا وقت ختم ہو گیا
اسلام آباد ( 92 نیوز ( 92 نیوز ) الیکشن 2018 کا اہم مرحلہ بخیر و عافیت مکمل ہو گیا ،کاغذات نامزدگی جمع کرانے کا وقت ختم ہو گیا۔
آخری روز کاغذات نامزدگی جمع کرانے کے وقت کی ڈیڈ لائن میں دو گھنٹے کی توسیع کی گئی ۔ ملک بھر میں ہزاروں امیدوار سامنے آگئے ۔
لاہور سے قومی اسمبلی کے 14 نشستوں کیلئے 70سے زائد امیدواروں نے کاغذات نامزدگی جمع کروا دئیے، شہباز شریف نے حلقہ این اے 132سے ، حمزہ شہباز نے حلقہ این اے 124 اور 132 سے کاغذات نامزدگی جمع کروائے، مریم نواز نے حلقہ این اے 127 کے بعد حلقہ این اے 125 سے بھی کاغذات نامزدگی جمع کروا دئیے جبکہ ثمینہ خالد گھرکی نے بھی کاغذات نامزدگی جمع کرائے ہیں ۔
خانیوال سے سردار احمد یار ہراج ، محمد خان ڈھا اور ہمایوں خان نے کاغذات نامزدگی جمع کرائے جبکہ چوہدری پرویز الہیٰ نے چکوال سے بھی کاغذات نامزدگی جمع کرائے ۔
گوجرانوالہ سے خرم دستگیر ،عثمان ابراہیم اور خواجہ صالح نے بھی کاغذات نامزدگی جمع کرا دیئے جبکہ اوکاڑہ سے سید صمصام علی شاہ بخاری ، میاں منظور وٹو اور میاں معین وٹو نے کاغذات نامزدگی جمع کرائے ۔سیالکوٹ سے عثمان ڈار نے کاغذات نامزدگی جمع کرائے ہیں ۔
امیدواروں کے کاغذات نامزدگی کی جانچ پڑتال 19 جون تک ہوگی،امیدواروں کی حتمی فہرست 30 جون کو شائع کی جائے گی ۔عوام پچیس جولائی کو اپنے نمائندوں کا انتخاب کریں گے ۔
دوسری جانب الیکشن کمیشن نے امیدواروں کی آن لائن جانچ پڑتال شروع کردی ، امیدواروں کے نام اور شناختی کارڈ نمبر سکروٹنی سیل کوارسال کر دی ۔ امیدواروں کی جانچ پڑتال کے سلسلے میں نیب،ایف بی آرسے امیدواروں کی معلومات اکٹھی کی جا رہی ہیں ۔
الیکشن کمیشن نے سکروٹنی سیل نے قرضہ جات،ٹیکس نادہندگان کا ریکارڈ اکٹھا کرنا شروع کر دیا ہے ۔