Friday, September 20, 2024

اسلامی نظریاتی کونسل نے دونوں ”حقوق نسواں بل“ مسترد کر دیے

اسلامی نظریاتی کونسل نے دونوں ”حقوق نسواں بل“ مسترد کر دیے
March 3, 2016
اسلام آباد (92نیوز) اسلامی نظریاتی کونسل نے خیبرپختونخوا حکومت کے ”تحفظ نسواں بل“ اور پنجاب حکومت کے ”حقوق نسواں ایکٹ“ کو مغربی قوانین کا چربہ کہہ کر مسترد کر دیا۔ ارکان نے دونوں قوانین کو خاندانی نظام زندگی کی تباہی کا موجب قرار دیدیا۔ تفصیلات کے مطابق اسلامی نظریاتی کونسل کا اجلاس مولانا شیرانی کی صدارت میں جاری ہے۔ اجلاس میں کونسل اراکین نے پنجاب اسمبلی کا پاس کردہ تحفظ خواتین بل مسترد کر دیا۔ ذرائع کے مطابق ارکان کی رائے ہے کہ دونوں صوبوں کے قوانین مغربی قوانین کا چربہ ہیں۔ اگر ان کی مخالفت نہ کی گئی تو اسلامی تعلیمات کے منافی ہوگا۔ کونسل نے شوہروں کو گھروں سے نکالنے اور جی پی آر ایس کڑے پہننے کی بھی مخالفت کر دی۔ آئین پاکستان میں خواتین کے حقوق کے تحفظ پر مشتمل قوانین پر سخت عملدرآمد کرایا جائے۔ دونوں صوبوں کے بل معاشرے میں طلاق کا موجب بنیں گے۔ کونسل دونوں صوبوں کے تحفظ حقوق خواتین بل پر حتمی سفارشات کچھ دیر میں دے گی۔ اجلاس میں ملالہ یوسف زئی کی کتاب کا بھی تذکرہ چھڑ گیا۔ ذرائع کے مطابق کونسل ارکان نے ملالہ کی کتاب قومی مفادات کے منافی قرار دیدی۔ molana sherni-111