Saturday, July 27, 2024

اسحاق ڈار کے خلاف ضمنی ریفرنس کی سماعت 30 مارچ تک ملتوی

اسحاق ڈار کے خلاف ضمنی ریفرنس کی سماعت 30 مارچ تک ملتوی
March 28, 2018

اسلام آباد (92 نیوز) اسحاق ڈار کے خلاف آمدن سے زائد اثاثے بنانے سے متعلق ضمنی ریفرنس پر سماعت  میں نامزد شریک ملزمان پر آج بھی فرد جرم عائد  نہ ہوسکی ، جبکہ ملزم صدر نیشنل بینک سعید احمد خان کا دو روز کا حاضری سے استثنیٰ منظور کرلیا گیا۔ عدالت نے ملزمان کو آئندہ سماعت پر حاضری یقینی بنانے کے لیے دس دس لاکھ روپے کے ضمانتی مچلکے جمع کرانے کا حکم دے دیا۔

نیب پراسیکیوٹر نے عدالت میں دلائل دیتے ہوئے کہا اسلام آباد ہائیکورٹ سے ملزم سعید احمد کی درخواست مسترد ہوچکی ہے۔ عدالت کی فائل پر جو حکم سنایا گیا ہے اس کے مطابق درخواست مسترد ہوچکی ہے۔ یہ صرف وقت کا ضیاء اور تاخیری حربے استعمال کررہے ہیں۔

فرد جرم عائد کرنے کیلئے چھ تاریخیں مقرر ہوچکی ہیں جو دو ملزمان عدالت میں موجود ہیں ان پر تو فرد جرم عائد کی جائے۔

وکیل سعید احمد نے عدالت میں دلائل دیتے ہوئے کہا حکم نامے کی کاپی ملی نہیں تو آپ کیسے کہہ سکتے ہیں کہ درخواست مسترد ہوگئی۔ حکمنامے کی کاپی ملنے کے بعد سپریم کورٹ میں جاسکتے ہیں۔ چھ کیا سولہ تاریخیں بھی ہوجائیں لیکن پہلے ہائیکورٹ کا فیصلہ تو آنے دیں میرے بھانجے کی شادی ہے پیر سے پہلے پیش نہیں ہوسکتا مہربانی کریں۔ کیوں میرے موکل کو بے ہوش کرتے ہیں جتنی پھرتی نیب پراسیکیوٹر دکھا رہے ہیں یہ تو ہفتے میں ہی ختم کردیں گے۔

جج محمد بشیر نے ریماکس دئیے آپ بے شک سپریم کورٹ جائیں لیکن یہاں پہلے ہائیکورٹ کے فیصلے کی کاپی تو جمع کرائیں آپ بے شک نہ آئیں لیکن ملزم 30 مارچ کو پیش ہوجائے۔ کچھ نہیں ہوتا سعید احمد صحت مند انسان ہیں۔ جمعہ کو بلالیں سپریم کورٹ کی ہدایات ہیں کیس کو تین ماہ میں مکمل کرنا ہے۔