Tuesday, February 7, 2023

استعفے ہمارے سیاسی ایٹم بم ہیں ، بلاول بھٹو

استعفے ہمارے سیاسی ایٹم بم ہیں ، بلاول بھٹو

لاہور (92 نیوز) چیئرمین پیپلزپارٹی بلاول بھٹو نے کہا استعفے ہمارے سیاسی ایٹم بم ہیں۔

بلاول بھٹو نے لاہور میں میڈیا گفتگو میں کہا اکتیس دسمبر تک قیادتوں کے پاس استعفے جمع ہونگے۔ وزیراعظم مستعفی نہ ہوئے تو دمادم مست قلندر ہو گا۔ لانگ مارچ کامیاب ہو گا۔ اس حکومت کو گھر بھیج کر رہیں گے۔ ضرورت پڑی تو سندھ حکومت کی قربانی بھی دینگے۔

قبل ازیں بلاول بھٹو کا کوٹ لکھپت جیل کے باہر میڈیا سے گفتگو میں کہنا تھا حکمرانوں میں سچ سننے کا حوصلہ ہے نہ نظام چلانے اور جمہوری مسائل کے حل کی صلاحیت ہے۔ مہنگائی کی سونامی میں عوام ڈوب گئے، چینی، آٹا چوری، گیس بحران کا حل نہیں نکلتا۔ عمران خان نے پہلے دن سے فیصلہ کیا لیڈر آف دی ہاؤس، پی ٹی آئی کا ہی وزیر اعظم ہے۔ پی ڈی ایم کی جدوجہد کی بنیاد حقیقی جمہوریت کی بحالی ہے۔

چیئرمین پیپلزپارٹی کا کہنا تھا کہ کٹھ پتلی وزیر اعظم وزیر اعلی ہے، کہاں بات کریں۔ وزیر اعظم مجبور ہوکر کرسی چھوڑے گا، اس طرح ملک نہیں چل سکتا۔ گروتھ ریٹ افغانستان سے نیچے ہے، کیا قسمت میں لکھا جمہوریت یا عوام کو غریب رہنا ہے۔ حکومت کو گھر بھیجنا پڑے گا، اس کٹھ پتلی وزیر اعظم کو پیغام دے رہا ہوں کہ مستعفی ہو جائے۔ ملک کو مسائل سے نکالنے کے لئے عمران خان کی ناجائز حکومت کو گھر بھیج کر دم لیں گے۔