Thursday, April 25, 2024

سقوط ڈھاکا قومی تاریخ کا سیاہ ترین دن، مشرقی پاکستان کو جدا کرکے بنگلا دیش بنانے میں بھارت کا واضح کردار

سقوط ڈھاکا قومی تاریخ کا سیاہ ترین دن، مشرقی پاکستان کو جدا کرکے بنگلا دیش بنانے میں بھارت کا واضح کردار
December 16, 2021 ویب ڈیسک

اسلام آباد (92 نیوز) ازلی دشمن کی سازشوں کے نتیجے پاکستان کو دولخت ہوئے پچاس برس بیت گئے۔ مشرقی پاکستان کو جدا کرکے بنگلا دیش بنانے میں بھارت کا کردار کھل کر سامنے آ چکا ہے۔

سولہ دسمبر انیس سو اکہتر کا دن قومی تاریخ کی دلخراش یادگار ہے جب پاکستان کا مشرقی حصہ الگ ملک بن گیا۔ اس سانحہ میں بھارت کا مذموم کردار کھل کر سامنے آچکا ہے، حتیٰ کہ بھارتی وزیراعظم نریندرمودی تو اب اس کا کریڈٹ بھی لیتے ہیں۔

بھارتی تربیت یافتہ مکتی باہنی کے گماشتوں نے مشرقی پاکستان میں غیر بنگالیوں اور مغربی پاکستان سے تعلق رکھنے والے لوگوں کا قتل عام کیا اور ایسی سازش رچائی جس کی تاریخ میں کم ہی مثال ملتی ہے۔

ستم بالائے ستم یہ کہ سقوط ڈھاکہ کے بعد کئی افسانوی کہانیاں گھڑی گئیں جس میں مشرقی پاکستان کے لوگوں پر مظالم کی فرضی داستانوں کوخوب اچھالا گیا۔ اس معاملے میں اتنا پراپیگنڈہ کیا گیا کہ ایک عرصے تک حقیقت جھوٹی کہانیوں کی دھند میں کھوئی رہی۔

مگرسچ کو ہمیشہ کے لیے چھپایا نہیں جا سکتا۔ پراپیگنڈے کی گرد کو ایک روز بیٹھنا ہی تھا اور آج بنگلہ دیش کے اندر سے ایسی گواہیاں سامنے آرہی ہیں جس نے بھارت کے مکرو فریب زدہ چہرے کو بالکل بے نقاب کرکے رکھ دیا ہے۔ بنگالی مصنفہ ڈاکٹر شرمیلا بوس نے اپنی تحقیقاتی کتاب میں بھارت کے پھیلائے ہوئے منفی پراپیگنڈے کو دلائل سے جھوٹ ثابت کر دیا ہے۔

سقوط ڈھاکہ کے زخم ابھی بھی گہرے ہیں۔ اس کی ایک وجہ یہ بھی ہے کہ پاکستان کا اذلی دشمن بھارت آج بھی وطن عزیز کے خلاف سازشوں سے باز نہیں آیا۔