ارباب غلام رحیم کہتے ہیں کہ بارہ مئی کو جو کچھ ہوا مشرف بھی پریشان ہو گئے

کراچی (92 نیوز) سابق وزیراعلیٰ سندھ ارباب غلام رحیم کہتے ہیں کہ بارہ مئی دو ہزار سات کو جو کچھ کراچی میں ہوا پرویز مشرف بھی پریشان ہو گئے تھے۔ متحدہ کے بانی کو پاور شو کرنے سے بہت روکا لیکن وہ نہیں مانے ۔ میں گواہ ہوں کہ ایم کیو ایم کےلوگ خالی ہاتھ نہیں تھے ۔
بارہ مئی دوہزار سات کو کراچی میں خون کی ہولی کھیلی گئی ۔ اُس وقت کے معزول چیف جسٹس افتخار چودھری کے استقبال کے لئے آنے والوں کو بربریت کا نشانہ بنایا گیا ۔
سابق وزیراعلیٰ سندھ ارباب غلام رحیم نے بالآخر سانحہ بارہ مئی کے حوالے سے زبان کھول ہی دی اور ایک انٹرویو میں چونکا دینے والے انکشافات کئے ۔ کہتے ہیں متحدہ کے بانی کو بہت روکا کہ پاور شو نہ کریں مگر وہ نہیں رکے ۔۔اُن کے کارکن خالی ہاتھ بھی نہیں تھے۔
ارباب غلام رحیم نے کہا کہ صورتحال پیچیدہ ہوئی تو اُس وقت کے صدر پرویز مشرف بھی پریشان ہو گئے۔
سابق وزیراعلیٰ سندھ ارباب غلام رحیم نے سندھ میں کرپشن کے بارے میں تو بات کی ہی تاہم یہ بھی کہا کہ پی ایس پی کا کوئی مستقبل نہیں ۔ اُنہوں نے کہا ذوالفقار مرزا سے نہ ہی کوئی دشمنی ہے اور نہ ہی دوستی ۔ اگر بلاول بھٹو سیدھے رستے پر چلیں گے تو وہ اُن کی حمایت کریں گے۔