اداکار منور ظریف کو مداحوں سے بچھڑے 44 برس بیت گئے

لاہور (92 نیوز) شہنشاہ ظرافت اداکار منور ظریف کو مداحوں سے بچھڑے 44 برس بیت گئے۔
اپنی نوعیت کے واحد فنکار منور نے ہنسی کے ایسے گول گپے بانٹے کہ ظرافت اُس کی پہچان بن گئی۔ منور ظریف جب بھی پردہ سکرین پر نمودار ہوتے فلم بین ان کی اداکاری سے لوٹ پوٹ ہو جاتے۔ ان کی ہر فلم میں دیکھنے والوں کے لئے قہقہوں کا ایک خزانہ ہوتا تھا۔
پندرہ برس کے فلمی کیرئر میں تین سو سے زائد فلموں میں اداکاری کرنے والے منور ظریف پاکستان فلم انڈسٹری میں پہلے مزاحیہ اداکار تھے جو فلموں میں بطور ہیرو بھی جلوہ گر ہوئے ۔
پچیس دسمبر انیس سو چالیس کو گوجرانوالہ میں پیدا ہونے والا یہ عظیم فنکار پینتیس سال کی عمر میں جگر کی بیماری کے باعث انتیس اپریل انیس سو چھہتر کو اپنے مداحوں کو سوگوار چھوڑ کر اس جہان فانی سے کوچ کر گیا۔