Friday, December 2, 2022

اداکارہ ذہین طاہرہ  کراچی میں انتقال کر گئیں

اداکارہ ذہین طاہرہ  کراچی میں انتقال کر گئیں
کراچی ( 92 نیوز) پاکستان ٹیلی ویژن کی سینئر  اداکارہ ذہین طاہرہ شدید علالت کے باعث دنیائے فانی سے رخصت ہوگئیں ،انہیں گزشتہ ماہ دل کا دورہ پڑنے کے باعث نجی اسپتال منتقل کیا گیا تھا ۔ پاکستان ڈرامہ انڈسٹری کا ایک باب بند ہوگیا  ، دہائیوں تک ڈراموں میں اپنے فن کا لوہا منوانے والی نامور اداکارہ ذہین طاہرہ کراچی میں خالق حقیقی سے جا ملیں ۔ ذہین طاہرہ کو کچھ دن قبل دل کا دورہ پڑنے کے باعث نجی اسپتال منتقل کیا گیا تھا  ، جہاں آج دوران علاج طبیعت زیادہ خراب ہوئی اور وہ خالق حقیقی سے جاملیں ۔ ذہین طاہرہ نے پی ٹی وی سے اپنے ڈرامہ کیریئر کا آغاز کیا ، ان کے  مقبول ڈراموں خدا کی بستی، عروسہ، دستک، دیس پریس، کالی آنکھیں، کہانیاں، شمع، چاندنی راتیں اور آئینہ سمیت 700  ڈرامے شامل ہیں جن میں انہوں نے لا زوال کردار نبھائے ۔ حکومت پاکستان نے شوبز انڈسٹری کیلئے لازوال خدمات کے اعتراف میں 2013 میں ذہین طاہرہ کو تمغہ امتیاز سے بھی نوازا ۔