Saturday, December 3, 2022

اداکارہ انعم عرف انوشے کا قتل ، پولیس نے دو ملزمان دھر لئے

اداکارہ انعم عرف انوشے کا قتل ، پولیس نے دو ملزمان دھر لئے
اسلام آباد(92نیوز)اداکارہ انعم عرف انوشے قتل کیس میں اہم  پیش رفت  ہوئی ہے قتل کی لرزہ خیز واردات میں تین سے زائد ملزمان کے ملوث ہونے کا انکشاف ہوا ہے۔ ایک ملزم کو قتل اپنے سر لینے کے لئے بھاری رقم  کا لالچ دیا گیاجبکہ پولیس نے دو ملزمان کو گرفتار کرلیا۔ تفصیلات کےمطابق راولپنڈی میں قتل ہونے والی کاٹلنگ کی اداکارہ انعم عرف انوشے کے قتل کی تحقیقات میں اہم پیش رفت ہوئی ہے ۔ اسلام آبادپولیس ذرائع کے مطابق انوشے کے قتل میں تین سے زائد افراد ملوث تھے۔ پولیس نے دو ملزمان شیر باز اور افتخار کو حراست میں لے لیا ہے دوران تفتیش ملزم شیرباز نے بتایا کہ اسے بھاری رقم کا لالچ دیا گیا اور کہا گیا کہ قتل کا الزام اپنے سر لے لوجلد صلح کروا لیں گے۔  وقوعہ کے روز موقع پر وقار،افتخار اور شیر باز موجود تھے ۔ تاہم پولیس تیسرے ملزم وقار کو گرفتار کرنے میں ناکام  ہوگئی ہے۔ تفتیشی ذرائع کا کہنا ہے کہ وقار تیسرے ملزم کے ساتھ ٹیلی فون پر رابطے میں تھا۔ پولیس نے وقار کے موبائل ریکارڈ کے لئے تحریری درخواست دے دی ہے۔ مقتولہ  انوشے کا اصل نام انعم صبا ولد سلطان محمود تھا۔25مارچ 1993کو کاٹلنگ میں پیدا ہوئی ۔ اداکارہ نے تین شادیاں کیں، دو کا انجام طلاق پر ہوا جبکہ تیسرے شوہر کے ساتھ بھی مبینہ طور پر تعلقات کشیدہ تھے۔ کاٹلنگ میں والدین سمیت تمام رشتہ داروں نے میت وصول کرنے سے انکارکیا تو علاقے کے سماجی کارکنوں نے نمازجنازہ کے بعد رات کی تاریکی میں خاموشی کےساتھ سپرد خاک کردیا تھا۔