Saturday, July 27, 2024

اختلافی نوٹ پر جتنا شور یہاں مچا کہیں نہیں مچتا: چیف جسٹس ثاقب نثار

اختلافی نوٹ پر جتنا شور یہاں مچا کہیں نہیں مچتا: چیف جسٹس ثاقب نثار
April 24, 2017
اسلام آباد(92نیوز)تجاوزات کےخلاف کیس میں پانامہ کے مقدمے کا ذکر چھڑ گیا چیف جسٹس نے عمران خان سے کہا کہ خان صاحب عدالتیں قانون کے مطابق کام کرتی ہیں۔اختلافی نوٹ پرجتنا شور یہاں مچا کہیں نہیں مچتا۔ آپ کی آواز سے بہتری بھی آسکتی ہے اور خرابی بھی مثبت کردار ادا کریں۔ تفصیلات کےمطابق بنی گالہ میں تجاوزات کےخلاف ازخودنوٹس کیس کی  چیف جسٹس کی سربراہی میں تین رکنی بنچ نے سماعت کی۔ عمران خان بھی عدالت میں پیش ہوئے چیف جسٹس میاں ثاقب نثار نے عمران خان کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ وہ عام آدمی نہیں قوم کا لیڈر ہونے کے ناطے ان پر بھاری ذمہ داری ہے۔ قوم کو بے اعتمادی کی فضا سے نکالنے میں کردارادا کریں۔ چیف جسٹس نے عمران خان سے یہ بھی کہا کہ وہ کالج سطح پر ان کی کپتانی میں کرکٹ کھیل چکے ہیں۔ عمران خان نے پانامہ کیس کی سماعت کرنیوالے بینچ کی تعریف بھی کی۔کیس کے حوالے سے چیف جسٹس کاکہنا تھاکہ دیکھنا ہوگا بنی گالا میں پلازے قانون کے مطابق ہیں یا نہیں۔ عدالت نے نیشنل پارک اوربوٹینیکل گارڈن کو د رختوں کی کٹائی سے روکدیا۔ غیر قانونی عمارتوں کو بجلی اور گیس کے کنکشن نہ دینے کا حکم دیتے ہوئے سی ڈی اے اور آئی سی ٹی سے سیوریج نظام کی بہتری سے متعلق تجاویز طلب کرلیں۔ کیس کی دوبارہ سماعت 10مئی کو ہوگی۔ سماعت کے بعد میڈیا سے گفتگو میں عمران خان کاکہنا تھا کہ ایک ادارے پر یقین رہ گیا ہے وہ ہے سپریم کورٹ عدلیہ کے ساتھ کھڑے ہیں۔ عمران خان یہ بھی بولے کہ آنیوالی نسلوں کی فکرہے وہ چیف جسٹس کے شکر گزار ہیں کہ انہوں نے عوامی مفادات پر ان کے خط کا نوٹس لیا۔