Saturday, July 27, 2024

احسان اللہ احسان کے فرار کے ذمہ دار اہلکاروں کیخلاف کارروائی کی جا چکی ، ڈی جی آئی ایس پی آر

احسان اللہ احسان کے فرار کے ذمہ دار اہلکاروں کیخلاف کارروائی کی جا چکی ، ڈی جی آئی ایس پی آر
February 25, 2021

راولپنڈی (92 نیوز) ڈی جی آئی ایس پی آر میجر جنرل بابر افتخار نے کہا احسان اللہ احسان کے فرار کے ذمہ دار اہلکاروں کیخلاف کارروائی کی جا چکی ہے۔

غیر ملکی صحافیوں کو انٹرویو میں ڈی جی آئی ایس پی آر میجر جنرل بابر افتخار نے کہا کہ فی الوقت علم نہیں کہ احسان اللہ احسان کہاں ہے۔ احسان اللہ احسان کی دوبارہ گرفتاری کی کوششیں جاری ہیں۔ جس ٹویٹر اکاونٹ سے ملالہ کو دھمکی دی گئی وہ جعلی اکاونٹ تھا۔

لاپتہ افراد سے متعلق میجر جنرل بابر افتخار نے بتایا کہ مسنگ پرسنز پر بننے والے کمیشن نے بہت پیشرفت کی ہے۔ کمیشن میں 6 ہزار سے زائد مقدمات میں سے 4 ہزار حل کیے جا چکے ہیں جبکہ مسنگ پرسنز کا معاملہ بہت جلد حل ہو جائے گا۔

ڈی جی آئی ایس پی آر کا کہنا تھا کہ کیچ میں ہزارہ کان کنوں کے قتل پر چند افراد کو حراست میں لیا۔ یہ بہت اہم گرفتاریاں ہیں لیکن مزید تفصیل نہیں دے سکتے۔ انہوں نے بھارت کی پاکستان مخالف شدت پسندوں کی مدد کا انکشاف بھی کیا اور بتایا کہ بھارت شدت پسندوں کو اسلحہ، پیسے اور نئی ٹیکنالوجی سے بھی نواز رہا ہے اور شدت پسندوں کی یہ مدد افغانستان سے کی جارہی ہے۔

وزیرستان سے متعلق ڈی جی آئی ایس پی آر کا کہنا تھا کہ وزیرستان میں کارروائیوں پر شدت پسندوں کا ردعمل آ رہا ہے، وزیرستان میں کوئی منظم گروہ نہیں رہا۔ چھوٹے موٹے شدت پسند کارروائیاں کررہے ہیں  جن کا جلد خاتمہ کر دیا جائے گا۔

افغانستان سے اتحادی افواج کے ممکنہ انخلا اور طالبان کی واپسی کے سوال پر ڈی جی آئی ایس پی آر نے کہا کہ اب افغانستان نوے کی دہائی والا نہیں۔ پاکستان بھی بدل چکا ہے۔ یہ ہرگز ممکن نہیں ہے کہ کابل پر طالبان دوبارہ سے قابض ہوں اور پاکستان ان کی حمایت کرے۔ ایسا ہر گز نہیں ہو گا۔