اسلام آباد ( 92 نیو) احساس ایمرجنسی کیش پروگرام کیلئے میسیج کرنے والوں کا انتظار ختم ہو گیا ، ڈاکٹر ثانیہ نشتر نے بتایا کہ اب تک 13 کروڑ 90 لاکھ ایس ایم ایس موصول ہوئے جن کاتجزیہ جاری ہے۔
وزیر اعظم کی معاون خصوصی برائے سماجی تحفظ ڈاکٹر ثانیہ نشتر نے بتایا کہ اہل افراد کو 15روز میں رقوم کی ادائیگی کیلئے ایس ایم ایس مل جائیں گے ، پروگرام میں کیٹیگری ٹو میں 8171 ایس ایم ایس سروس کے ذریعے رجسٹرڈ مستحق افراد کو امدادی رقم کی ترسیل جاری ہے ۔
انہوں نے بتایا کہ 8171 ایس ایم ایس سروس کے ذریعے پروگرام میں اندراج کی آخری تاریخ 19اپریل 2020 تھی ، اب تک 13 کروڑ 90 لاکھ ایس ایم ایس موصول ہوچکے ہیں، اب تک احساس کے تحت 45 لاکھ مستحق خاندانوں میں 55 ارب روپے تقسیم کئے جا چکے ہیں۔