لاہور ( 92 نیوز) احتساب عدالت میں سابق ڈی جی ایل ڈی اے احد خان چیمہ کے خلاف آمدن سے زائد اثاثہ جات کیس کی سماعت ہوئی ، عدالت نے احد چیمہ کے جوڈیشل ریمانڈ میں 9 جون تک توسیع کر دی۔
احتساب عدالت کے جج امجد نذیر چودھری نے کیس پر سماعت کی ، احد چیمہ کو کیمپ جیل سے لا کر عدالت کے روبرو پیش کیا گیا ، عدالت نے احد چیمہ کو آئندہ سماعت پر دوبارہ عدالت میں پیش کرنے کا حکم دے دیا ، عدالت نے آئندہ سماعت پر مزید گواہان کو بیان قلمبند کرانے کے لیے طلب کر لیا۔ عدالت میں آج چار گواہان کے بیان قلمبند کیے گےل۔
آج کی کارروائی میں احد چیمہ کے وکیل نے گواہان کے بیانات پر جرح کی ، گواہان میں عدیل منیر، عطاء اللہ، محمد اعظم اور منظور احمد شامل ہیں ۔ عدالت میں اب تک 22 گواہان اپنے بیان قلمبند کروا چکے ہیں۔
نیب پراسیکیوٹر کی جانب سے عدالت کو بتایا گیا کہ احد چیمہ نے اندرون و بیرون ملک اربوں روپے کے ناجائز اثاثہ بنائے، احد چیمہ نے فیملی ممبران کے نام بے نامی جائیدادیں بنائیں ، احد چیمہ کے اثاثہ جات کی مارکیٹ ویلیو600 ملین کے قریب ہے۔