Sunday, October 2, 2022

احتساب عدالت نے مریم نواز کی رہائی کیلئے روبکار جاری کر دی

احتساب عدالت نے مریم نواز کی رہائی کیلئے روبکار جاری کر دی
لاہور ( 92 نیوز ) چودھری شوگر ملز کیس میں مریم نواز کی رہائی کا پروانہ جاری کر دیا گیا، احتساب عدالت نے  روبکار جاری کر دی ۔ مریم نواز کے وکیل  کے ایسوسی ایٹ نے روبکار کی کاپی وصول کر لی  ۔ روبکار احتساب عدالت نمبر 5 کے جج امجد نذیر چودھری نے جاری کی ۔ لاہور ہائیکورٹ نے چودھری شوگر ملز کیس میں مریم نواز کو ایک ایک کروڑ کے دو مچلکے ، 7 کروڑ روپے بطور زر ضمانت  اور پاسپورٹ جمع کرانے کا حکم دیا گیا تھا۔ لاہور ہائیکورٹ کے جوڈیشل رجسٹرار نے  مریم نواز کی جانب سے 7 کروڑ کی رقم اور ان کا پاسپورٹ جمع کرانے کی تصدیق کر دی ، ضمانتی مچلکوں پر ضامن کے دستخط اور انگوٹھے لگا دیے گئے۔ احتساب عدالت نے  ضمانتی  مچلکوں کی تصدیق کر دی  جس کے بعد ان کی رہائی کے لئے روبکار جاری کرنے کا حکم دیا گیا تھا۔