Sunday, November 28, 2021
English News آج کا اخبار براہراست نشریات(UK) براہراست ٹی وی
English News آج کا اخبار
براہراست نشریات(UK) براہراست ٹی وی

احتساب عدالت نےہجویری فاؤنڈیشن اورہجویری ٹرسٹ کے اکاؤنٹس جزوی بحال کردیئے

احتساب عدالت نےہجویری فاؤنڈیشن اورہجویری ٹرسٹ کے اکاؤنٹس جزوی بحال کردیئے
January 24, 2018

اسلام آباد (92 نیوز) احتساب عدالت نے ہجویری فاؤنڈیشن اورہجویری ٹرسٹ کے اکاؤنٹس جزوی طور پر بحال کردیئے۔ نیب نے اپنے جواب میں کہا کہ اکاؤنٹس میں بڑی رقم کی منتقلی ہوئی جو اسحاق ڈار کے پاس ہے، یہ ٹیکس چوری کے زمرے میں آتا ہے۔ عدالت نے قرار دیا کہ رقم فلاحی کاموں پر خرچ ہوسکتی ہے۔

اسحاق ڈار کی جانب سے ہجویری ٹرسٹ کے اکاﺅنٹس بحال کرنے کی درخواست کی سماعت احتساب عدالت کے جج محمد بشیر نے کی۔

نیب نے ہجویری ٹرسٹ کے اکاﺅنٹس اور اسحاق ڈار کی جائیداد منجمد کرنے سے متعلق جواب میں کہا کہ ٹرسٹ کی فنڈنگ اسحاق ڈار اور ان کی فیملی کرتی ہے۔

اسحاق ڈار کے وکیل قاضی مصباح نے کہا کہ ہجویری ٹرسٹ یتیموں کا ادارہ ہے جہاں سیکڑوں بچے زیر کفالت ہیں۔ ہجویری فاﺅنڈیشن ہی ہجویر ی ٹرسٹ کو فنڈز دیتا ہے۔ بچوں کی کفالت کے لئے ماہانہ8 سے10 لاکھ درکار ہوتے ہیں۔ کیا آپ چاہتے ہیں یتیم بچیوں کی شادیاں اور تعلیم روک دیں۔ اکاﺅنٹس بحال نہ ہوئے تو بچے سڑک پر آجائینگے۔

ڈپٹی پراسیکیوٹر نیب کاکہنا تھا کہ آڈٹس رپورٹ دیکھ کر بچوں کی کفالت کا ماہانہ خرچ طے کیا جائے۔ نیک نیتی سے چاہتے ہیں کہ مسئلہ حل ہو۔ ادارہ اچھے مقصد کے لئے بنا لیکن استعمال غلط کیا جارہا ہے۔ نہیں چاہتے ساری رقم نکال لی جائے۔

فاضل جج نے ریمارکس دیئے کہ کبھی کم پیسے لگتے ہیں، کبھی زیادہ، عدالت کوئی قدغن نہیں لگاسکتی۔ دیکھنا ہو گا کیا طریقہ کار طے کیا جائے۔

دلائل مکمل ہونے کے بعد عدالت نے فیصلہ محفوظ کر لیا جسے کچھ دیر سناتے ہوئے ہجویری ہجویری فاونڈیشن اور ہجویری ٹرسٹ کے اکاونٹس جزوی طور پر بحال کر دیئے گئے۔ فیصلے میں کہا گیا ہے کہ فلاحی کاموں پر رقم خرچ کی جا سکتی ہے۔