Saturday, July 27, 2024

احتساب عدالت لاہور،احد چیمہ ،شاہد شفیق ودیگر ملزموں کے ریمانڈ میں توسیع

احتساب عدالت لاہور،احد چیمہ ،شاہد شفیق ودیگر ملزموں کے ریمانڈ میں توسیع
April 3, 2018

لاہور ( 92 نیوز ) لاہور میں آشیانہ ہاؤسنگ اسکیم اسکینڈل کیس میں احتساب عدالت نےاحد چیمہ ،شاہد شفیق سمیت دیگر ملزموں کے جسمانی ریمانڈ میں توسیع کردی کر دی ۔

ملزموں کو جسمانی ریمانڈ ختم ہونے پر سخت سیکیورٹی حصار میں احتساب  عدالت کے جج نجم الحسن کے روبرو پیش کیا گیا۔

عدالت میں بتایا گیا کہ احد چیمہ کے پیراگون کے ندیم ضیا سے تعلقات تھے۔عدالت نے استفسار کیا کہ ندیم ضیا کہاں ہے۔عدالت کوبتایا گیا کہ ندیم ضیاء کوتفتیش کے لیے بلا رہے لیکن وہ شامل نہیں ہو رہے۔

وکیل نیب  نے عدالت کو بتایا کہ ملزم احد چیمہ کے لیپ ٹاپ سے کئی معلومات ملیں ہیں جو انہوں نے چھپائی تھیں،اور ایسا ڈیٹا بھی ملاہےجو کوڈ ورڈز میں ہے ،جسکی جانچ ایکسپرٹ سے کرائی جائے گی ۔

نیب کے وکیل  نے عدالت سے استدعا کی کہ ملزمان فراڈ ، اختیارات کے ناجائز استعمال اور جعلی دستاویزات سے کنٹریکٹ حاصل کر نے میں ملوث ہیں   لہذا عدالت جسمانی ریمانڈ پر ملزمان کو نیب کے حوالے کرے۔

احتساب عدالت نے احد چیمہ اور  ،شاہدشفیق سمیت ملزمان کے جسمانی ریمانڈ میں 14 روز کی توسیع کرتے ہوئے  17 اپریل کو دوبارہ پیش کرنے کا حکم دے دیا۔

دوسری جانب لاہور ہائیکورٹ نے احد چیمہ کی گرفتاری کو قانونی قرار دیتے ہوئے درخواست ضمانت خارج کردی ۔