Saturday, July 27, 2024

اثاثہ جات ضمنی ریفرنس ، ملزموں پر آج فرد جرم عائد نہ کی جا سکی

اثاثہ جات ضمنی ریفرنس ، ملزموں پر آج فرد جرم عائد نہ کی جا سکی
March 30, 2018

 اسلام آباد (92 نیوز) اسحاق ڈار اثاثہ جات ضمنی ریفرنس کی سماعت میں ہائیکورٹ کے فیصلے کی کاپی دستیاب نہ ہونے اور وکیل کی غیر موجودگی کے باعث صدر نیشنل بینک سعید احمد سمیت تینوں ملزمان پر فرد جرم عائد نہ ہو سکی ۔

 احتساب عدالت اسلام آباد کے جج محمد بشیر نے اسحاق ڈار اثاثہ جات ضمنی ریفرنس کی سماعت کی ۔

 صدرنیشنل بینک سمیت تینوں ملزمان عدالت میں پیش ہوئے تاہم وکیل حشمت حبیب غیرحاضر رہے ۔

 معاون وکیل نے حشمت حبیب کی عدم موجودگی میں سماعت ایک دن ملتوی کرنے کی استدعا کرتے ہوئے ہائیکورٹ کے حکم نامے کی کاپی نہ ملنے کا عذر بھی پیش کیا جبکہ صدر نیشنل بینک سعید احمد نے ہائی کورٹ کا حکم دیکھ لینے کی بات کی ۔

 نیب نے مخالفت کی تو جج محمد بشیرنے کہا کہ سماعت ایک روز ملتوی کرنے میں کوئی فرق نہیں پڑے گا ۔ ہائیکورٹ نے ملزمان کی درخواست خارج کر دی ہے ۔

 ملزمان نے مچلکے داخل کرنے کا حکم واپس لینے کی استدعا کی تو جج محمد بشیر نے برہمی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ مچلکے داخل نہ کئے توجیل بھیجنے کے احکامات دے دئیں گے ۔ عدالت نے ملزمان کو فوری طور پر 20 لاکھ کے مچلکے جمع کرانے کا حکم دیا ۔

 عدالت نے ملزمان کو وکیل کی عدم موجودگی اور سماعت ملتوی کرنے کی درخواست جمع کرانے کی ہدایت کرتے ہوئے سماعت دو اپریل تک ملتوی کر دی ۔