ابہا کے انٹرنیشل ایئرپورٹ پر یمن کے حوثی باغیوں کا میزائل حملہ ، 26 شہری زخمی

ابہا (92 نیوز) سعودی عرب کے شہر ابہا کے انٹرنیشل ایئرپورٹ پر یمن کے حوثی باغیوں نے میزائل حملہ کر دیا۔ حملے کے نتیجے میں 26 شہری زخمی ہوئے۔
یمن کے حوثی باغیوں نے سعودی عرب کے جنوب مغربی شہر ابھا کے انٹرنیشنل ہوائی اڈے پر میزائل حملہ کیا جس کے نتیجے میں تین خواتین اور دو بچوں سمیت چھبیس شہری زخمی ہوئے۔
عرب اتحادی فورسز کے ترجمان کرنل ترکی المالکی نے حملے کی تصدیق کر دی ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ زخمیوں میں سعودی، یمنی اور بھارتی شہری شامل ہیں۔
میزائل گرنے سے ایئرپورٹ کے مسافر لاؤنج کو نقصان پہنچا۔ حملے میں استعمال ہونے والے میزائل کی شناخت کی جا رہی ہے۔
دوسری جانب حوثی باغیوں نے اپنی ویب سائٹ پر حملے کی ذمہ داری قبول کر لی ہے۔