Wednesday, October 5, 2022

ابو ظہبی ٹی ٹین لیگ کو آفریدی اور عمران نذیر رونق بخشیں گے

ابو ظہبی ٹی ٹین لیگ کو آفریدی اور عمران نذیر رونق بخشیں گے
لاہور (92 نیوز) رواں سیز ن ابوظہبی میں کھیلی جانے والی ٹی ٹین لیگ میں شہرہ آفاق 2 پاکستانی کھلاڑی شاہد خان آفریدی اور عمران نذیر ایکشن میں دکھائی دیں گے جبکہ اکثریت غیرملکی کرکٹرز کی ہوگی۔ شیخ زید کرکٹ سٹیڈیم 14 سے 24 نومبر تک ”ایمریٹس کرکٹ بورڈ“ کے زیر انتظام منعقدہ ”ٹی 10 لیگ“ کی میزبانی کرے گا جہاں پاکستان کی نمائندگی ”قلندرز“ کی ٹیم کر ے گی۔ اس ٹیم میں سابق پاکستانی کپتان شاہد آفریدی، عمران نذیر، آل راﺅنڈر عماد وسیم کے ساتھ کئی ابھرتے ہوئے نوجوان کرکٹرز بھی شامل ہیں۔ ٹیم کے ایک اور اہم کھلاڑی سابق ٹیسٹ کپتان محمد حفیظ بھی ہیں جو پی ایس ایل 2019ء میں ”لاہور قلندرز“ کے کپتان تھے البتہ زخمی ہونے کے سبب انہیں ٹورنامنٹ سے دستبردار ہونا پڑا تھا۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ پاکستان کرکٹ بورڈ نے کھلاڑیوں کو ریلیز کرنے کے لئے ایک ملین ڈالر مانگے تھے اور انکار کے بعد پاکستان نے کھلاڑیوں کو شرکت سے روک دیا۔ منتظمین نے اعلان کیا ہے کہ 14 نومبر کو افتتاحی تقریب میں معروف پاکستانی گلوکار عاطف اسلم نغمہ سرائی کریں گے۔ 15 نومبر کو لیگ کے افتتاحی میچ میں دفاعی چیمپئن ناردرن وارئیر مراٹھا عریبین کے مد مقابل آئے گی۔