Friday, September 30, 2022

ائیرچیف مارشل کی برطانوی ہم منصب سے ملاقات،پیشہ وارانہ امور پر تبادلہ خیال

ائیرچیف مارشل کی برطانوی ہم منصب سے ملاقات،پیشہ وارانہ امور پر تبادلہ خیال

اسلام آباد ( 92 نیوز ) پاک فضائیہ کے سربراہ ائیر چیف مارشل سہیل امان نے دورہ برطانیہ کے دوران برطانوی ہم منصب سے ملاقات کی ۔ ملاقات کے دوران دو طرفہ پیشہ وارانہ امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ رائل ڈیفنس کالج میں لیکچر میں ائیر چیف نے کہا کہ افغانستان میں امن و استحکام کیلئے مصالحت ضروری ہے ۔
ترجمان پاک فضائیہ کے مطابق ائیر چیف مارشل نے برطانوی شاہی فضائیہ کے مرحم ائیر بیس پر نمبر 9 سکواڈرن کا معائنہ کیا۔ انہیں سکواڈرن کی آپریشنل سر گرمیوں اور شاندار تاریخ پر بریفنگ دی گئی ۔ پاک فضائیہ کے سربراہ نے دو طرفہ سطح پر جڑواں قرار دیئے گئے نمبر 9اسکواڈرن کے ٹارنیڈو لڑاکا طیارے پر تربیتی فضائی مشن میں حصہ لیا۔
ائیرچیف مارشل سہیل امان نے برطانوی وزارت دفاع میں ہم منصب ائیر چیف مارشل سر سٹیفن ہیلیر سے ملاقات کی اور دو طرفہ پیشہ وارانہ امور پر تبادلہ خیال کیا۔ ائیر چیف مارشل نے دہشتگردی کیخلاف کامیاب فضائی آپریشنز پر روشنی ڈالی اور دو طرفہ مشقوں کی اہمیت ، تجربات سے استفادہ کرنے پر زور دیا۔
برطانوی ائیر چیف نے پاکستانی شاہینوں کی پیشہ وارانہ صلاحیتوں کو سراہا اور دہشتگردی کیخلاف کردار کی تعریف کی ۔
سربراہ پاک فضائیہ اپنے مادر علم رائل کالج آف ڈیفنس بھی گئے ۔ جہاں انہوں نے جنوبی ایشیا میں امن کیلئے سیکیورٹی امور پر لیکچر دیا۔انہوں نے کہا کہ پاکستان میں قبائلی عوام کو قومی دھارے میں لانے سے فوائد حاصل ہوں گے جبکہ خطے میں امن قائم ہوگا۔ افغانستان میں سیاسی استحکام اور امن کیلئے مصالحت ضروری ہے ۔ انہوں نے کہا کہ سی پیک سے پاکستان اور خطے میں ترقی و معاشی استحکام کے نئے دور کا آغاز ہوگا۔