Friday, September 20, 2024

آپ پسند کریں یا نہ کریں مگر مچھر ہمارے ایکو سسٹم کا ناگزیر حصہ ہیں: محققین

آپ پسند کریں یا نہ کریں مگر مچھر ہمارے ایکو سسٹم کا ناگزیر حصہ ہیں: محققین
May 1, 2016
برلن (ویب ڈیسک) مچھر ایک ایسی مخلوق ہے جسے کوئی انسان بھی پسندیدگی کی نظر سے نہیں دیکھتا۔ گھروں سے ان کا صفایا کرنے کیلئے مارکیٹ میں قسم قسم کے سپرے اور ادویات دستیاب ہیں۔ یہ مچھر ہی ہے جس کی بدولت دنیا بھر میں ہر سال لاکھوں انسان لقمہ اجل بن جاتے ہیں مگر یقین جانیے فطری نظام میں مچھروں کی موجودگی ناگزیر ہے۔ مچھر حیران کن، دلچسپ اور متنوع زندگی کے حامل ہوتے ہیں۔ حشرات پر تحقیق کرنے والے انسٹیٹیوٹ فار ڈویلپمنٹ سے وابستہ محققین کے کا کہنا ہے کہ ہمارے ایکوسسٹم یا فطری نظام میں مچھروں کے لیے جگہ موجود ہے۔ مچھر ہمارے ایکو سسٹم کا حصہ ہیں۔ اس لحاظ سے یوں کہنا مناسب ہے کہ ہم نہ تو ان کے ساتھ رہ سکتے ہیں اور نہ ہی ان کے بغیر ہمارا گزارا ہے۔ محققین اس کیلئے کچھ دلائل پیش کرتے ہیں۔ ان کا کہنا ہے کہ پانی میں رہنے والا یہ کیڑا ایک طرف تو یک خلوی اینجائی کی خوراک ہے اور ساتھ ہی مچھلیوں کی پسندیدہ غذا بھی ہے۔ اس کے علاوہ پرندوں، چمگادڑوں اور مکڑیوں کے لیے بھی یہ خوراک کا سامان بنتا ہے۔ دوسری جانب نر مچھر پودوں کی پولی نیشن (بارآوری) کے عمل میں بھی نہایت اہم کردار ادا کرتا ہے۔ خیال رہے کہ مچھر سیارہ زمین کے اتنے پرانے مکین ہیں کہ ان کی مختلف اقسام کے ایک سو ملین سال پرانے ڈھانچے دریافت ہو چکے ہیں۔ اس سے ظاہر ہوتا ہے کہ زمین پر ڈائنوسارز کی موجودگی سے بھی قبل یہ کیڑا موجود تھا۔