اسلام آباد (92 نیوز) آمدن سے زائداثاثوں کے کیس میں وفاقی وزیر خسرو بختیار نیب کے ریڈار پر آ گئے۔ دسمبر 2018 میں نیب ملتان نے خسرو بختیار کے حوالہ سے شکایت کی تصدیق ہیڈکوارٹرز بھجوا دی تھی۔
نائنٹی ٹو نیوز کو موصول ہونے والی نیب رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ 2004 میں کابینہ کا رکن بننے کے بعد خسرو بختیار کی والدہ اور خاندان کے اثاثے اربوں روپے تک پہنچ گئے۔
اس دوران سو سے زائد غیر ملکی دورے اور الیکشن اخراجات کے باوجود اثاثوں میں اضافہ ہوا۔ اثاثوں میں اربوں روپے مالیت کی شوگر ملز، مکانات، پلاٹس اور زرعی اراضی سمیت بیرون ممالک میں بینک اکائونٹس بھی شامل ہیں۔
رپورٹ کے مطابق لاہور، کراچی اور اسلام آباد میں خاندان کے پاس متعدد جائیدادیں موجود ہیں ، جو خسرو بختیار کے رکن اسمبلی بننے سے پہلے نہیں تھیں۔ نیب ملتان کی رپورٹ میں کہا گیا ہے مزید تحقیقات کی صورت میں دیگر جائیدادیں بھی سامنے آ سکتی ہیں۔