Saturday, July 27, 2024

آف شورکمپنیوں کا معاملہ ، ایف بی آر کی وزیراعظم کو مکمل بریفنگ

آف شورکمپنیوں کا معاملہ ، ایف بی آر کی وزیراعظم کو مکمل بریفنگ
January 30, 2017
اسلام آباد(92نیوز)آف شور کمپنیاں ظاہر کرنے والوں پر نیب کا قانون لاگو ہوگا نہ ہی ایف آئی اے ان پر ہاتھ ڈال سکے گی، ایف بی آر نے وزیراعظم نواز کو بتادیا ہے کہ بیرون ملک سے سرمایہ واپس لانے کے لیے آف شور کمپنوں کو تحفظ فراہم کیا جائے۔ تفصیلات کےمطابق فیڈرل بورڈ آف ریونیو نے آف شور کمپنیوں کو ٹیکس ایمنسٹی اسکیم کے تحت تحقیقاتی قوانین سے چھوٹ دینے کی سفارشات وزیراعظم نواز شریف کو پہنچا دیں۔ ایف بی آر کے اعلیٰ حکام نے آف شور ٹیکس ایمنسٹی اسکیم پر وزیراعظم کو بریفنگ دی ہے۔ ایف بی آر نے وزیر اعظم کو بتایا ہے کہ آف شور کمپنیوں کے مالکان نیب کے قوانین اور بے جا چھاپوں سے خوف زدہ ہیں، آف شور ٹیکس ایمنسٹی اسکیم پر نیب کا قانون لاگو نہ کیا جائے جب کہ ایف آئی اے  کو بھی آف شور کمپنیاں ظاہر کرنے والوں پر ہاتھ ڈالنے کی اجازت نہ دی جائے۔ حکام کا کہنا ہے کہ  آف شور کمپنیاں ظاہر کرنے والوں کو مکمل تحفظ فراہم کیا جائے جب تک یہ خوف ختم نہیں ہوگا ، آف شور کمپنیوں کا سرمایہ پاکستان میں نہیں آئے گا۔ ایف بی آر کا کہنا ہے کہ آف شور کمپنیوں کے لیے ٹیکس ایمنسٹی اسکیم کی سفارشات پر غور کیا جارہا ہے تاکہ بیرون ملک منتقل کیے گئے سرمائے کو پاکستان لایا جاسکے۔