Saturday, July 27, 2024

آفتاب احمد کی موت کے معاملے پر سچائی سامنے لائی جائے گی: راحیل شریف

آفتاب احمد کی موت کے معاملے پر سچائی سامنے لائی جائے گی: راحیل شریف
May 4, 2016
کراچی (نائنٹی ٹو نیوز) آرمی چیف جنرل راحیل شریف نے ایم کیو ایم کے کارکن آفتاب احمد کی موت کا نوٹس لے لیا۔ آرمی چیف کا کہنا ہے کہ آفتاب احمد کی موت کے معاملے پر سچائی سامنے لائی جائے گی۔ آئی ایس پی آر کے جاری اعلامیہ کے مطابق  آرمی چیف نے آفتاب احمد کی موت کے اسباب جاننے کے لیے فوری طور پر تحقیقات کا حکم دے دیا۔ ان کا کہنا ہے کہ افتاب احمد کے معاملے پر سچائی کوسامنے لایا جائے گا اور انصاف کے تقاضے  پورے کئے جائیں گے۔ ادھر ترجمان رینجرز کے مطابق آفتاب احمد کی ہلاکت کا جائزہ لینے کے لئے ڈی جی رینجرز میجر جنرل بلال اکبر کے حکم پر واقعے میں ممکنہ طور پر ملوث رینجرز اہلکاروں کو معطل کر دیا گیا ہے۔ معاملے کی تحقیقات کے لیے بنائی گئی کمیٹی کی سربراہی رینجرز کے سیکٹر کمانڈر کریںگے۔ تحقیقاتی کمیٹی اپنی رپورٹ جلد تیار کریگی اور منظرعام پر لائے گی۔ ایم کیو ایم کے کارکن آفتاب احمد کو یکم مئی کو مختلف مقدمات میں ملوث ہونے کی بنا پر حراست میں لیا گیا تھا۔ انسداد دہشت گردی کی عدالت نے ملزم کو نوے روزہ تحویل پر رینجرز کے حوالے کیا تھا جہاں منگل کی صبح ملزم نے دل کی تکلیف کی شکایت کی تھی جس کے بعد اسے فوری طور پر جناح اسپتال لے جایا گیا تاہم بیس منٹ کی طبی امداد کے باوجود آفتاب احمد کے لیے دل کا دورہ جان لیوا ثابت ہوا تھا۔ آفتاب احمد کی ہلاکت کے بعد ایم کیو ایم آج ملک بھر میں ایک روزہ سوگ منارہی ہے۔