آصف زرداری پر ہاتھ ڈالا گیا تو جنگ شروع ہو جائے گی !!! پیپلز پارٹی رہنماوں کیخلاف کارروائیوں پر خورشید شاہ پھٹ پڑے

کراچی (92نیوز) اپوزیشن لیڈر خورشید شاہ نے کہا ہے کہ آصف علی زرداری پر ہاتھ ڈالا گیا تو یہ جنگ کی ابتدا ہوگی۔ کیا باقی تین صوبوں میں دودھ کی نہریں بہہ رہی ہیں؟ پیپلزپارٹی کو انتقامی کارروائیوں کا نشانہ بنایا جارہا ہے۔
وزیر اعظم نوٹس لیں اور مداخلت کریں۔ پارلیمنٹ ہاو¿س میں میڈیا سے گفتگو میں خورشید شاہ نے کہا کہ بندوق کے زور پر کچھ نہیں ہوتا، وزیر اعظم خود معاملات کو دیکھیں۔ اگر پیپلز پارٹی کے کسی وزیر یا رکن کے خلاف کوئی ثبوت ہیں تو سامنے رکھ کر بات کی جائے، مکمل تعاون کریں گے۔
انہوں نے کہا کہ لندن میں الطاف حسین کے خلاف اتنے بڑے کیسز ہونے کے باوجود انہیں گرفتار نہیں کیا گیا۔ حکومت بھی گرفتاریوں سے پہلے ٹھوس شواہد اکٹھے کرے، پھر آگے بڑھے۔ یوسف رضا گیلانی، راجہ پرویز اشرف اور مخدوم امین فہیم کو انتقامی کارروائی کا نشانہ بنایا جارہا ہے۔
یہ وقت ملک میں انتشار پھیلانے کا نہیں، بھارت سندھ اور بلوچستان میں مداخلت کر رہا ہے، سیاسی جماعتیں متحد ہو جائیں۔