Saturday, July 27, 2024

آصف زرداری وزیراعظم سے ملاقات نہیں کرینگے : اعتزاز احسن

آصف زرداری وزیراعظم سے ملاقات نہیں کرینگے : اعتزاز احسن
April 14, 2016
اسلام آباد (92نیوز) پاکستان پیپلزپارٹی کے رہنما اعتزاز احسن نے کہا ہے کہ وزیر اعظم نوازشریف کی لندن یاترا کا مقصد ہی آصف علی زرداری سے ملاقات کرنا ہے۔ تفصیلات کے مطابق اسلام آباد میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے سینیٹ میں قائد حزب اختلاف اعتزاز احسن نے کہا کہ وزیر اعظم جو مقصد لے کر لندن گئے ہیں وہ پورا نہیں ہو گا کیوں سابق صدر آصف علی زرداری نوازشریف سے ملاقات نہیں کریں گے۔ اعتزاز احسن نے کہا کہ ن لیگ کی وجہ سے میثاق جمہوریت ختم ہوا۔ حکمران جماعت اپنی پالیسیوں کے باعث تنہا ہو رہی ہے۔ مستقبل قریب میں تحریک انصاف اور پیپلزپارٹی اور قریب آئیں گی جس سے ن لیگ کے لیے صورتحال مزید سخت ہو جائے گی۔ اعتزاز احسن نے کہا کہ اپوزیشن جماعتیں مختلف معاملات پر ایک موقف رکھتی ہیں۔ جلد ہی اپوزیشن جماعتوں کا بڑا اتحاد بنے گا اور 2018ءکے انتخابات میں سیاسی منظر نامہ بھی مختلف ہو گا۔ دوسری جانب بلاول بھٹو زرداری نے اسلام آباد میں آج سابق وزیر اعظم یوسف رضا گیلانی سے ملاقات کی جس میں پانامہ لیکس کے بعد کی صورتحال اور پارٹی کی تنظیم نو سمیت علی حیدر گیلانی کی بازیابی کے حوالے سے ہونے والی کوششوں پر بات چیت کی گئی۔