آصف زرداری نے نیو یارک فلیٹ انکوائری پر نیب سے ایک ماہ کی مہلت مانگ لی
اسلام آباد (92 نیوز) سابق صدر آصف زرداری نے نیو یارک فلیٹ انکوائری پر نیب سے ایک ماہ کی مہلت مانگ لی۔
سابق صدر آصف زرداری کا نیو یارک فلیٹ انکوائری کا جواب نیب کو موصول ہوگیا، ذرائع کے مطابق آصف زرداری نے نیب سے ایک ماہ کی مہلت مانگی ہے۔ آصف زرداری نے اپنے وکیل کے ذریعے جواب جمع کرایا۔
اس سے قبل قومی احتساب بیورو (نیب) نے پیپلز پارٹی کے شریک چیئرمین آصف علی زرداری کو نوٹس کے ذریعے نیویارک میں جائیداد سے متعلق جواب طلب کیا تھا۔
15 جون کو بھیجے گئے نیب کے نوٹس کے مطابق، بظاہر نیو یارک میں جائیداد خریدنے کے لئے پاکستان سے کوئی رقم نہیں بھیجی گئی تھی۔
آصف علی زرداری نے ضمانت کے لئے اسلام آباد ہائیکورٹ رجوع کر رکھا ہے۔ درخواست میں، زرداری نے مؤقف اپنایا تھا کہ انھیں معلومات اکٹھا کرنے کے لئے وقت دیا جانا چاہئے۔ اُنہوں نے کہا، "میں متعدد بیماریوں میں مبتلا ہوں اور زیر علاج ہوں۔"
اُنہوں نے یہ بھی مطالبہ کیا تھا کہ نوٹس کو غیر قانونی قرار دیا جائے۔
قومی احتساب بیورو نے آصف زرداری کو نوٹس بھیجے گئے نوٹس میں کہا تھا، مین ہٹن نیو یارک میں آپ کا اپارٹمنٹ ہے، جو پاکستان میں ظاہر نہیں کیا، بظاہر یہ اپارٹمنٹ خریدنے کیلئے پاکستان سے کوئی قانونی رقوم نہیں بھیجی گئی، نیویارک میں جائیداد کیسے بنائی، 24 جون 2021 کو تفصیلات جمع کروائی جائیں۔