Friday, February 3, 2023

آصف زرداری نیب کی کمبائنڈ انویسٹی گیشن ٹیم کے سامنے پیش ہو گئے ‏

آصف زرداری نیب کی کمبائنڈ انویسٹی گیشن ٹیم کے سامنے پیش ہو گئے ‏
اسلام آباد ( 92 نیوز ) سابق صدر اور شریک چیئرمین پاکستان پیپلز پارٹی آصف زرداری نیب کی کمبائنڈ انویسٹی گیشن ٹیم کے سامنے پیش ہو ئے ۔ ہریش اینڈ کمپنی کو غیرقانونی ٹھیکے دینے کے الزام ، پارک لین اسکینڈل اور جعلی بینک اکاونٹس کے استعمال میں  عبوری ضمانت حاصل کرنے کے بعد طلبی پر سابق صدر آصف علی زرداری نیب اولڈ ہیڈکواٹرز میں پیش ہوئے ۔ ڈی جی نیب راولپنڈی عرفان منگی کی سربراہی میں مشترکہ تحقیقاتی ٹیم نے چار مقدمات پر ابتدائی بیان ریکارڈ کیا ،  دوران تفتیش مشترکہ تحقیقاتی ٹیم نے سوالات بارے پوچھا تو سابق صدر نے تحریری جواب دینے کی درخواست کردی ۔ آصف زرداری نے موقف اپنایا کہ سوالنامہ  فراہم کردیا جائے تو تحریری جواب دے دیں گے ، نیب نے ملزم کی استدعا منظور کرلی۔ آصف زرداری کے وکیل فاروق ایچ نائیک نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے بتایا کہ آج آصف زرداری کو نیب نے طلب کیا تھا،آج  کوئی سوالنامہ نہیں دیا گیا۔کسی کیس میں بھی آصف زرداری براہ راست ملوث نہیں ہیں، اس کے باوجود نیب نے انہیں طلب کیا۔ فاروق ایچ نائیک کا کہنا تھا کہ جعلی بینک اکاؤنٹس سے بھی زرداری صاحب کو کوئی تعلق نہیں،پارک لین میں وہ  ڈائریکٹر ہیں نہ ہی شیئر ہولڈر  ، جو ریفرنس فائل کیا گیا اس میں  بھی آصف زرداری پر کوئی الزام نہیں، بلاول بھٹو  کا کیس میں کوئی کردار نہیں ہے، وہ  معصوم ہیں اور انہیں غلط نوٹسز دیے جارہے ہیں۔ پیپلزپارٹی کے رہنما نیئربخاری، نفیسہ شاہ، عامر فدا پراچہ، رخسانہ بنگش، فرحت اللہ بابر بھی آصف علی زرداری کے ساتھ نیب اولڈہیڈکواٹرز پہنچے۔ پیپلزپارٹی کے رہنماؤں کو پہلے اندر جانے کی اجازت نہ ملی تاہم بعد میں انہیں بھی اندر بٹھا دیا گیا۔