Friday, September 20, 2024

آصفہ بھٹو نےمریم نواز اور ریحام خان کو پولیو مہم میں شامل ہونے کی دعوت دیدی

آصفہ بھٹو نےمریم نواز اور ریحام خان کو پولیو مہم میں شامل ہونے کی دعوت دیدی
April 16, 2015
کراچی(92نیوز)پیپلز پارٹی کے شریک چیئرمین آصف علی زرداری کی صاحبزادی آصفہ  زرداری نے عمران خان کی اہلیہ ریحام خان اور مسلم لیگ نواز کی رہنما مریم نواز کو پولیو مہم میں شامل ہونے کی دعوت دی ہے تفصیلات کے مطابق سندھ بھر میں انسداد پولیو کے سلسلےمیں سابق صدر زرداری کی بیٹی آصفہ بھٹو زرداری سرگرم ہوگئیں،اور وزیر اعلیٰ ہاؤس کراچی میں بلایا ایک اہم اجلاس ۔ وزیر اعلیٰ سندھ سید قائم علی شاہ کی زیر صدارت اجلاس میں آصفہ بھٹو زرداری  کے علاوہ رکن قومی اسمبلی ڈاکٹر عذرا پیچوہو، شہناز وزیر علی اور سیکریٹری ہیلتھ نے شرکت کی۔ وزیر اعلیٰ سندھ سید قائم علی شاہ نے سیکریٹری صحت کو پولیو پر قابو پانے کے لیے ٹھوس اقدامات اٹھانے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ انسداد پولیو ٹیموں کو مکمل سیکورٹی فراہم کی جائے۔ آصفہ بھٹو زرداری نے صوبے بھر سے پولیو کے خاتمے کے عزم کا اظہار کیا،ڈاکٹر عذرا نے بتایا کہ مارچ 2015  تک سندھ میں چار کیس سامنے آئے ہیں۔ اجلاس کے بعد آصفہ بھٹو زرداری  نے  عمران خان کی اہلیہ ریحام خان اور وزیر اعظم نواز شریف کی بیٹی مریم نواز  کو پولیو کے خاتمے کے لیے کردار ادا کرنے کی دعوت دی۔ آصفہ زرداری کا کہنا ہے کہ ریحام خان اور مریم نواز پولیو کے خاتمے کے لیے ہمارا ساتھ دیں،دونوں رہنماؤں کی شمولیت سے اس موذی مرض کے خلاف لوگوں میں زیادہ شعور بیدار کرسکیں گے۔