دبئی ( 92 نیوز ) آسٹریلیا نے ون ڈے سیریز میں پاکستان کو وائٹ واش کر دیا۔ پاکستان کی ٹیم پانچوں میچز کی سیریز میں ایک بھی میچ نہ جیت سکتی ۔
پاک آسٹریلیا سیریز کا پانچواں اور آخری میچ دبئی میں کھیلا گیا جس میں آسٹریلیا نے پاکستان کو 20 رنز سے شکست دے دی ۔
پاکستانی ٹیم 328 رنز کے ہدف کے تعاقب میں میدان میں اتری تو پہلے ہی اوور میں دھچکا لگ گیا جب گزشتہ میچ میں 112 رنز بنانے والے عابد علی اپنی پہلی ہی گیند پر کیچ آؤٹ ہو گئے ۔
اوپنر شان مسعود نے ٹاپ آرڈر حارث سہیل کیساتھ مل کر اچھا کھیل پیش کیا ، اور ٹیم کا مجموعی اسکور 109 تک پہنچایا جہاں شان مسعود ایل بی ڈبلیو ہو گئے ، انہوں نے 54 گیندوں پر 50 رنز بنائے ۔
وکٹ کیپر بلے باز محمد رضوان حارث سہیل کیساتھ زیادہ دیر کریز پر کھڑے نہ رہ سکے اور صرف 12 رنز بنا کر چلتے بنے ۔
عمر اکمل نے حارث سہیل کیساتھ کھڑے ہو کر ٹیم کے مجموعی اسکور میں خاطر خواہ اضافہ کیا۔ عمر اکمل 43 رنز بنا کر کیچ آؤٹ ہوئے ۔
پاکستانی ٹیم 238 رنز پر 4 وکٹوں سے محروم ہو چکی تھی ۔ صرف ایک رن کے اضافے کے بعد ٹاپ آرڈر حارث سہیل بھی کیچ تھما بیٹھے ۔ انہوں نے 3 چھکوں اور 11 چوکوں کی مدد سے 130 رنز بنائے اور پاکستان کی جانب سے نمایاں رہے ۔
کپتان عماد وسیم نے جارحانہ انداز سے کھیلنے کی کوشش کی اور ایک چھکے اور چھ چوکوں کی مدد سے 34 گیندوں پر 50 رنز بنائے ، وہ ناقابل شکست رہے ۔
سعد علی 4 اور یاسر شاہ 11 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے ۔ اس سے قبل آسٹریلیا نے پاکستان کو جیت کیلئے 328 رنز کا ہدف دیا تھا۔
پاکستان نے ٹاس جیت کر آسٹریلیا کو پہلے کھیلنے کی دعوت دی ، مہمان ٹیم مقررہ 50 اوورز میں 7 وکٹوں کے نقصان پر 327 رنز بنا پائی ۔
آسٹریلیا کی جانب سے پر اعتماد بلے بازی کا مظاہرہ کیا گیا ، اوپنر عثمان خواجہ اور اے جے فنچ دونوں نے شاندار ففٹیز اسکور کیں ۔
دونوں اوپنرز کے مابین 134 رنز کی شراکت داری قائم ہوئی ، 134 کے مجموعی اسکور پر کپتان اے جے فنچ عثمان شنواری کی گیند پر 53 رنز بنا کر کلین بولڈ ہو گئے ۔ اے جے فنچ کی اننگز دو چھکوں اور دو چوکوں سے مزین تھی ۔
عثمان خواجہ نے ٹاپ آرڈر شاؤن مارش کے ساتھ ٹیم کے مجموعی اسکور میں تیزی سے اضافہ کیا اور دوسری وکٹ کی شراکت میں 80 رنز بنائے ۔
آسٹریلیا کا اسکور 214 ہو تو اوپنر عثمان خواجہ 10چوکوں کی مدد سے 98 رنز بنا کر عثمان شنواری کی گیند پر یاسر شاہ کو کیچ تھما بیٹھے ۔
شاؤن مارش اور مڈل آرڈر گلین میکس ویل نے تیسری وکٹ کی شراکت میں جارحانہ کھیل پیش کیا ۔214 کے اسکور پر شاؤن مارش بھی ایک چھکے اور پانچ چوکوں کی مدد سے 61 رنز بنا کر کیچ آؤٹ ہو گئے ۔ ان کا شکار جنید خان نے کھیلا۔
مارکس سٹونس نے سات گیندوں پر چار اسکور بنائے اور عثمان شنواری کا شکار بنے ۔
مڈل آرڈر میکس ویل نے جارحانہ انداز اپنایا اور 13 مرتبہ گیند کو باؤنڈری لائن سے باہر پھینکا جس میں تین فلک شگاف چھکے اور 10 چوکے شامل تھے ، ان کے 33 گیندوں پر 70 رنز کی بدولت آسٹریلیا کی ٹیم نے 309 رنز بنائے جہاں وہ جنید خان کی گیند پر کلین بولڈ ہو گئے ۔
وکٹ کیپر بلے باز ایلکس کیرے بغیر کوئی رن بنائے جنید خان کی گیند پر ایل بی ڈبلیو ہو گئے ۔
پاکستان کی جانب سے عثمان شنواری 10 اوورز میں 4 وکٹوں کے عوض 49 رنز دے کر کامیاب ترین باؤلر رہے جبکہ محمد عباس بغیر وکٹ حاصل کئے 10 اوورز میں 71 رنز دیکر مہنگے ترین باؤلر ثابت ہوئے ۔
جنید خان نے 9 اوورز میں 73 رنز دیکر تین وکٹیں حاصل کیں ۔ عماد وسیم نے 10 اوورز میں 51 رنز دیے اور ایک اوور میڈ ان بھی نکالا۔
یاسر شاہ نے 10 اوورز میں 63 رنز دیے اور ووکٹ حاصل کرنے میں ناکام رہے ،حارث سہیل نے ایک اوور میں بغیر وکٹ حاصل کئے 13 رنز دیے ۔