Wednesday, December 1, 2021
English News آج کا اخبار براہراست نشریات(UK) براہراست ٹی وی
English News آج کا اخبار
براہراست نشریات(UK) براہراست ٹی وی

آسٹریلوی کرکٹ ٹیم 23 سال بعد پاکستان کا دورہ کریگی، شیڈول جاری

آسٹریلوی کرکٹ ٹیم 23 سال بعد پاکستان کا دورہ کریگی، شیڈول جاری
November 8, 2021 --- ویب ڈیسک

لاہور (92 نیوز) پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) نے آسٹریلیا کے دورہ پاکستان کا شیڈول جاری کر دیا۔ آسٹریلوی ٹیم 23 سال بعد پاکستان کا دورہ کرے گی۔ 

آسٹریلیا کی ٹیم آئندہ سال مارچ، اپریل میں پاکستان کا دورہ کرے گی۔ پی سی بی کے مطابق 3 ٹیسٹ، 3 ون ڈے اور ایک ٹی 20 میچ ہو گا۔

دونوں ٹیموں کے درمیان پہلا ٹیسٹ 3 تا 7 مارچ، دوسرا ٹیسٹ 21 تا 25 مارچ، تیسرا ٹیسٹ 29 مارچ تا 2 اپریل تک کھیلا جائے گا۔ سیریز میں شامل تمام ٹیسٹ میچز آئی سی سی ٹیسٹ چیمپئن شپ کا حصہ ہوں گے۔

پاک آسٹریلیا ٹیموں کے درمیان پہلا ون ڈے 29 مارچ، دوسرا ون ڈے 31 مارچ جبکہ تیسرا ون ڈے 2 اپریل کو کھیلا جائے گا جبکہ واحد ٹی ٹونٹی انٹرنیشنل 5 اپریل کو کھیلا جائے گا۔ تینوں ون ڈے میچز آئی سی سی کرکٹ ورلڈ کپ سپر لیگ کا حصہ ہوں گے۔

چئیرمین پی سی بی رمیز راجہ نے کہا آسٹریلیا کو خوش آمدید کہنے پر مسرور ہیں، تین ٹیسٹ میچز کی سیریز کے انعقاد پر ذاتی طور پر بہت خوشی ہے۔ آسٹریلیا ایک مضبوط ٹیم ہے اور ان کا طویل عرصہ بعد پاکستان آکر کرکٹ کھیلنا یہاں موجود شائقین کے لیے بہترین لمحہ ہوگا۔ یہ آسٹریلوی کرکٹرز کے لیے بھی ایک شاندار موقع ہوگا کہ وہ پاکستان کے تاریخی گراؤنڈز میں کرکٹ کھیل کر یہاں کی عوام کی مہمان نوازی دیکھیں گے۔

چیف ایگزیکٹو کرکٹ آسٹریلیا نک ہوکلے نے کہا پاکستان کی عوام کرکٹ سے پیار کرتی ہے اور ہماری آئندہ سال وہاں روانگی وہاں موجود کرکٹ فینز کو مزید پرجوش کرے گی۔ پاکستان کی ٹیم بہت باصلاحیت کھلاڑیوں پر مشتمل ہے اور اس کی مثال یو اے ای میں جاری ٹی ٹونٹی ورلڈ کپ میں ان کی حالیہ کارکردگی ہے۔

نک ہوکلے نے کہا اس دورے کے انعقاد کو یقینی بنانے کے لیے پی سی بی کی کاوشوں کو سراہتے ہیں۔ اس سیریز کے لئے لاجسٹک، سکیورٹی اور کوویڈ 19 پروٹوکولز سے متعلق آئندہ چند ماہ پی سی بی سے مسلسل رابطے میں رہیں گے۔ کھلاڑیوں اور اسپورٹ اسٹاف کی حفاظت پہلی ترجیح ہے اور اس سلسلے میں پی سی بی اور متعلقہ ایجنسیز سے مکمل رابطے میں رہیں گے۔

اُنہوں نے مزید کہا کہ اس تناظر میں کرکٹ آسٹریلیا کا وفد دسمبر میں پاکستان کا دورہ کرے گا، پی سی بی آفیشلز، صوبائی اور وفاقی حکام سے ملاقاتیں کرکے معاملات کو حتمی شکل دیں گے۔

واضح رہے کہ آسٹریلیا نے آخری مرتبہ 1998 میں پاکستان کا دورہ کیا۔ اس دوران مارک ٹیلر کی قیادت میں مہمان ٹیم نے سیریز ایک صفر سے اپنے نام کی تھی۔