آزاد کشمیر انتخابات : ایل اے 37 ویلی ٹو کی پانچ سال خالی رہنے نشست پر بھی 21 جولائی کو ووٹنگ ہوگی

لاہور(92نیوز)آزاد کشمیر ایل اے سینتیس ویلی ٹو کی پانچ سال سے الیکشن کا انتظار کرتی خالی نشست پر اکیس جولائی کو ہونے والے انتخابی اکھاڑے میں اترنے کے لیے امیدواروں نے کمر کس لی۔ الزام تراشیوں کے سائے میں تینوں امیدوار اپنی اپنی جیت کے لیے پرامید ہیں۔
تفصیلات کےمطابق اکیس جولائی کو آزاد کشمیر کے انتخابات ہو رہے ہیں ایل اے سینتیں ویلی ٹو فتح کا تاج اپنے سرپر سجانے کے لیے مسلم لیگ نون، تحریک انصاف اور پیپلز پارٹی کے امیدواروں میں کانٹے کا مقابلہ ہو گا۔ مسلم لیگ ن کے امیدوار غلام عباس میر کہتے ہیں کہ شیر میدان مارے گا۔
پاکستان پیپلز پارٹی کے امیدوار عمر بخاری نے الزام عائد کیا کہ ووٹرز لسٹوں میں پہلے سے ہی دھاندلی کر دی گئی ہے لیکن کامیابی پاکستان پیپلز پارٹی کا ہی مقدر ہو گی۔ تحریک انصاف کے امیداوار غلام محی الدین کا کہنا ہے کہ کپتان کی قیادت میں اب ہر طرف تحریک انصاف کے نعرے ہی گونجیں گے۔ الیکشن کا نتیجہ کیا ہوگا یہ تو وقت ہی بتائے گا لیکن تینوں امیدوار انتخابی اکھاڑے میں ایک دوسرے کو چت کرنے کے دعوے کر رہے ہیں۔