Monday, January 30, 2023

آرمی چیف کا سلیمانکی سیکٹر کا دورہ ،فوج اور رینجرز جوانوں کے ساتھ دن گزارا

آرمی چیف کا سلیمانکی سیکٹر کا دورہ ،فوج اور رینجرز جوانوں کے ساتھ دن گزارا

 راولپنڈی(92نیوز)آرمی چیف جنرل راحیل شریف سلیمانکی سیکٹر پہنچ گئے فوج اور رینجرز کے جوانوں کے ساتھ دن گزارا۔ میجر شبیر شریف شہید کی یادگار پر حاضر ی دی کہتے ہیں پاک فوج کا ہرسپاہی وطن کی خاطر جان قربان کرنیوالے ہیروز کے نقش قدم پر چلے گا۔

آئی ایس پی آر کے مطابق آرمی چیف نے سلیمانکی سیکٹر کا دورہ کیا ۔ انہوں نے پورا دن فوج اور رینجرز کے جوانوں کے ساتھ گزارا جنرل راحیل شریف نے سرحد پر تعینات فوجی جوانوں کے عزم و حوصلے کی تعریف کی۔ اپنے خطاب میں آرمی چیف کاکہنا تھا کہ پا ک فوج اپنی بہادری اور عزم و ہمت کی ایک قابل فخر تاریخ رکھتی ہے وطن کی خاطر شہادت کا رتبہ پانے والے ہمارے قومی ہیروز ہیں ۔ اپنے انہی ہیروزکے نقش قدم پر چلتے ہوئے پاک فوج کا ہر جوان کسی بھی چیلنج پر پورا اترے گا۔ انہوں نے کہا کہ دہشت گردی کے خلاف جنگ میں کامیابی حاصل کر کے قوم نے قابل فخر کارنامہ سرانجام دیا۔ پاک فوج کسی بھی روایتی اور غیر روایتی خطرے سے نمٹنے کے لئے تیار ہے سلیمانکی سیکٹر کے دورے کے موقع پر جنرل راحیل شریف نے میجر شبیر شریف شہید کی یادگار پر حاضر ی دی اور پھولوں کی چادر چڑھائی۔ ترجمان آئی ایس پی آر کاکہنا ہے کہ آرمی چیف نے وطن کا وفاع کرنے والے شہدا اور غازیوں کو زبردست الفاظ میں خراج تحسین پیش کیا۔ سلیمانکی پہنچنے پر کور کمانڈر لاہور لیفٹیننٹ جنرل صادق علی نے آرمی چیف کا استقبال کیا ۔ کور کمانڈر بہاولپور لیفٹیننٹ جنرل جاوید اقبال اورڈی جی رینجرز پنجاب میجر جنرل عمر فاروق برکی بھی اس موقع پر موجود تھے۔