Saturday, July 27, 2024

آرمی چیف کا سروسز ہسپتال کا دورہ ،ڈی آئی جی مبین کے گھر بھی گئے لواحقین سے تعزیت کی

آرمی چیف کا سروسز ہسپتال کا دورہ ،ڈی آئی جی مبین کے گھر بھی گئے لواحقین سے تعزیت کی
February 14, 2017
لاہور(92نیوز)آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ کہتے ہیں کہ  دہشت گردوں کو مالی مدد فراہم کرنے والے اوران کے منصوبہ سازوں کو پکڑیں گے۔۔شہداء کی قربانیاں رائیگاں نہیں جانے دیں گے لاہور میں پی ایس ایل فائنل شیڈول کے مطابق کرانے کے لیے فوج تمام تر تعاون فراہم کریگی۔ تفصیلات کےمطابق پاک فوج کے ترجمان کے مطابق چیف آف آرمی سٹاف جنرل قمرجاوید باجوہ نے لاہور میں سروسز اسپتال کا دورہ کیا جہاں انھوں نے بم دھماکے میں زیرعلاج  زخمیوں کی عیادت کی۔ آرمی چیف شہید ڈی آئی جی ٹریفک مبین کے گھر گئے اور ان کے خاندان سے اظہار ہمدردی کیا  انھوں نے شہید مبین کے والد اور والدہ سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ان کے بیٹے اور قوم کی قربانیاں رائیگاں نہیں جائے گی ۔ آئی ایس پی آر کے مطابق آرمی چیف کی زیرصدارت کورہیڈکوارٹر لاہور میں سیکورٹی کی صورتحال پر اجلاس ہوا جس میں کورکمانڈر لاہور لیفٹننٹ جنرل صادق علی اور انٹیلی جنس اداروں نے آرمی چیف کو گزشتہ روز کے بم دھماکے کے حوالے سے بریفنگ دی۔ آرمی چیف نےلاہوردھماکے کے سلسلے میں چند افغانوں سمیت مجرموں کی گرفتاری  پر انٹیلی جنس اداروں کی کارکردگی  کو سراہا۔۔اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے جنرل قمرجاوید باجوہ نے کہا کہ ملک کے اندر اور باہر سے دہشت گردوں کو مالی مدد فراہم کرنے والے اوران کے منصوبہ سازوں کو پکڑیں گے۔ دہشت گردی کے خلاف حاصل کی جانے والی کامیابیوں کو کسی صورت واپس نہیں کیا جاسکتا۔ دہشت گردی کی ایسی مذموم کارروائیاں ہمارے قومی جذبے کو کم کرسکتی ہیں نہ ایسے واقعات دہشت گردی کے خلاف جاری آپریشنز کو متاثر کر سکتے ہیں۔ آرمی چیف نے کہاکہ  پاکستان سپرلیگ کے لاہور میں ہونے والے فائنل میچ کیلئے پاک فوج تمام ترتعاون اور مددفراہم کریگی۔