آرمی چیف کا دورہ کابل، افغان صدر ، چیف ایگزیکٹو عبداللہ عبداللہ اور نیٹو چیف سے ملاقاتیں
راولپنڈی ( 92 نیوز ) آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ دورہ کابل کے بعد وطن واپس پہنچ گئے ۔
آئی ایس پی آر کے مطابق آرمی چیف نے اس دورے میں اشرف غنی اور عبداللہ عبداللہ کے علاوہ اتحادی فوج کے سربراہ جان نکلسن سے بھی ملاقات کی۔ جنرل قمر جاوید باجوہ نے امن کے لئے اقدامات پرافغان حکام کو مبارک باد دی ، ملاقاتوں میں افغان مفاہمتی عمل، داعش کے خلاف اقدامات پر بھی گفتگو اور تبادلہ خیال ہوا۔
آئی ایس پی آر کے مطابق آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے واضح کیا کہ پاکستان افغانستان میں دیرپا امن کا خواہاں ہے، پاکستان نے امن واستحکام کی کوششوں میں بڑی کامیابیاں حاصل کی ہیں۔آرمی چیف نے کہا کہ اب سماجی اوراقتصادی ترقی کے لئے قدم بڑھا رہے ہیں، پاک افغان بارڈرپر باڑ دہشت گردوں کی نقل وحرکت روکنے کے لئے ہے۔
افغان صدر نے دیرپا امن واستحکام کے لئے تعاون پرآرمی چیف کا شکریہ ادا کیا ، افغان صدرنےعلاقائی ترقی، سیزفائر سے متعلقہ امورپربھی گفتگو کی۔ جنرل قمر جاوید باجوہ ایک روزہ دورے کے بعد واپس وطن پہنچ گئے۔