راولپنڈی (92 نیوز) آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے آزاد جموں و کشمیر کے زلزلہ متاثرہ علاقوں کا دورہ کیا۔
ڈی جی آئی ایس پی آر کے مطابق آرمی چیف نے نہر کنارے جاتلاں شاہراہ کو پہنچنے والے نقصان، مرمت کے کام کا جائزہ لیا۔
https://twitter.com/OfficialDGISPR/status/1176836797244067842
5.8 شدت کے زلزلے نے میر پور آزاد کشمیر میں تباہی مچا دی۔ اب تک 25 افراد کے جاں بحق اور 459 سے زائد کے زخمی ہونے کی تصدیق ہو چکی ہے۔
میر پور آزاد کشمیر کے علاقے جاتلاں میں بڑے پیمانے پر تباہی مچ گئی۔ سڑکیں پھٹ گئیں، زمین میں دراڑیں پڑ گئیں، کئی گاڑیاں اپر جہلم کینال میں جاگریں، بسیں الٹ گئیں، مسجد کے مینار سمیت کئی عمارتیں اور دیواریں گر گئیں۔
میر پور میں بے نظیر اسپتال کا اولڈ بوائز ہاسٹل زمین بوس ہوگیا۔ جیل کی دیواروں کو نقصان پہنچا، کھمبے گر گئے ، مواصلات کا نظام متاثر ہوا، بجلی بند ہوگئی۔ سڑکیں تباہ ہونے سےآمد و رفت میں مشکلات کا سامنا ہے۔ منگلا پاور ہاؤس کے تمام یونٹ بند کرنا پڑے۔ نہر اپر جہلم میں منڈہ کے مقام پر شگاف پڑ گیا، پانی کھڑی شریف میں داخل ہو گیا۔
آئی ایس پی آر کے مطابق زلزلے سے متاثرہ علاقوں میں پاک فوج کے دستے انتظامیہ کے ہمراہ امدادی کارروائیوں میں مصروف ہیں ۔ جاتلاں کے علاقے میں تین رابطہ پلوں کو نقصان پہنچا۔ آرمی انجینئرز پلوں اور جاتلاں میرپور شاہراہ کی مرمت کررہے ہیں ۔
این ڈی ایم اےکے مطابق بھمبرمیں پلوں کو نقصان پہنچا ، ضلع میرپور اور کوٹلی میں بجلی کی سپلائی تعطل کا شکار ہے، جاتلاں روڈ کو بھی نقصان پہنچا۔