Saturday, July 27, 2024

آرمی چیف کاجنوبی وزیرستان کا دورہ ،فوجی جوانوں کے ساتھ اگلے مورچوں پر دن گزارا

آرمی چیف کاجنوبی وزیرستان کا دورہ ،فوجی جوانوں کے ساتھ اگلے مورچوں پر دن گزارا
February 12, 2017
راولپنڈی(92نیوز)آرمی چیف جنوبی وزیرستان پہنچ گئے جوانوں کے ساتھ اگلے مورچوں پر دن گزارا ، جنرل قمر جاوید باجوہ کا کہنا ہے کہ قبائلی خواہشات کے مطابق فاٹا کو قومی دھارے میں لانے کی کوششوں کی حمایت جاری رکھیں گے۔ پاک فوج کے ترجمان میجر جنرل آصف غفور کے مطابق آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے جنوبی وزیرستان کا دورہ کیا۔ جنوبی وزیرستان پہنچنے پر کور کمانڈر پشاور لیفٹننٹ جنرل نذیر احمدبٹ نےآرمی چیف کااستقبال کیا۔ جنرل قمر جاوید باجوہ نے اگلے مورچوں پر موجود جوانوں کے ساتھ دن گزارا۔ آرمی چیف کو سیکیورٹی کی صورتحال، بارڈر منیجمنٹ اور نقل مکانی کرنے والوں کی بحالی پر بریفنگ دی گئی۔ آرمی چیف نے آپریشن کے نتائج، قبائلی علاقوں میں ترقیاتی کاموں اور بارڈر سیکیورٹی منیجمنٹ کے حوالے سے کئے گئے اقدامات پر اطمینان کا اظہار کیا۔ جوانوں سے خطاب میں آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ کا کہنا تھا کہ جنوبی وزیرستان میں ریاستی عملداری قائم کرنے میں فوجی جوانوں کی محنت اور لگن کا اہم کردار ہے۔ قبائلی علاقوں میں ترقی اور استحکام میں پاک فوج اپنا کردار ادا کرتی رہے گی۔ انہوں نے قبائلی عوام اور مقامی انتظامیہ کا پاک فوج کیلئے تعاون کو سراہا۔ جنرل قمر جاوید باجوہ نے کہا کہ قبائلی خواہشات کے مطابق فاٹا کو قومی دھارے میں لانے کی کوششوں کی حمایت جاری رکھیں گے۔