Sunday, September 25, 2022

آرمی چیف نے جدید ترین ایئر ڈیفنس بیٹل مینجمنٹ کا افتتاح کر دیا

آرمی چیف نے جدید ترین ایئر ڈیفنس بیٹل مینجمنٹ کا افتتاح کر دیا
September 23, 2021 ویب ڈیسک

راولپنڈی (92 نیوز) آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے جدید ترین سنٹر آف انٹیگریٹڈ ایئر ڈیفنس بیٹل مینجمنٹ کا افتتاح کر دیا۔ کمانڈر آرمی ایئر ڈیفنس کمانڈ لیفٹیننٹ جنرل حمود الزمان نے انٹیگریٹڈ سنٹر پر بریفنگ دی۔

آئی ایس پی آر کے مطابق آرمی چیف کو ایئر ڈیفنس جنگی انتظام کے طریقہ کار، مرکز کی کارکردگی بارے بتایا گیا۔ پاک آرمی ایئر ڈیفنس جدید ترین، انتہائی درست اور مہلک ہتھیاروں سے لیس ہے۔ جدید مرکز، ائیر ڈیفنس جنگ میں اعلی کمان سے انفرادی سطح پر بہترین ہم آہنگی کو تقویت دے گا۔ مرکز ہتھیاروں کے نظام کے مابین مطابقت پذیری، موثر اور مربوط ماحول فراہم کرے گا۔

آئی ایس پی آر کے مطابق مرکز میں موجود سیمولیٹر کمپلیکس متحرک منظرناموں کو پیش کرنے کی صلاحیت رکھتا ہے۔ مرکز، ایئر ڈیفنس جنگ کی تازہ ترین پیچیدگیوں، چیلنجز کے مطابق تشکیل اور تیاری میں معاون ہے۔ پاک فوج کے ایئر ڈیفنس نے گزشتہ سالوں میں غیر معمولی ترقی کی۔ پاک فوج کا ایئر ڈیفنس نظام ملکی فضائی سرحدوں کے ہمہ وقت تحفظ کے لیے تیار ہے۔ ایئر ڈیفنس، دشمن کی کسی بھی مہم جوئی سے نمٹنے کے لیے مہلک نظام ہے۔

آئی ایس پی آر کے مطابق آرمی چیف نے آپریشنل تیاری پر مکمل اطمینان کا اظہار، پیشہ وارانہ مہارت کو سراہا۔

آرمی چیف نے کہا مستقبل کے جنگی پیچیدگیوں، چیلنجز سے نمٹنے کے لیے بہترین تعاون، انضمام اور ہم آہنگی ناگزیر ہے۔